کراچی میں متعین امریکی قونصل جنرل برائن ہیتھ نے بلوچستان اسمبلی کا دورہ کیا جہاں اسپیکر جان محمد جمالی نے ان کا استقبال کیا۔ برائن ہیتھ امریکی قونصل خانے کراچی کے سیاسی اور معاشی شعبے کے افسران کے ہمراہ بلوچستان اسمبلی کی لائبریری اور ریسورس سینٹر بھی گئے جس کا قیام امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (USAID) کے تعاون سے عمل میں آیا ہے۔
اس موقع پر قونصل جنرل برائن ہیتھ کا کہنا تھا کہ ’مجھے بلوچستان آکر اور یہاں کے لوگوں سے مل کر انتہائی خوشی ہوئی ہے۔ مجھے فخر ہے کہ امریکی حکومت بلوچستان میں تعلیم، صحت اور معاشی ترقی کے بے شمار منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔‘
امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (USAID) بلوچستان کے 8 اضلاع میں کسانوں کو پیداوار میں اضافے کیلیے معاونت فراہم کر رہا ہے جبکہ پشین کی کپڑے کی صنعت سے وابستہ 2 ہزار گھریلو خواتین کو منڈیوں تک رسائی کے ذریعے آمدنی میں اضافے کیلیے تربیت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔ کوئٹہ، گوادر اور کیچھ میں مڈوائف تربیتی پروگرام کے ذریعے زچہ وبچہ کی صحت کو بہتر بنانے کیلیے منصوبے پر کام جاری ہے۔ اس کے علاوہ امریکی حکومت کی جانب سے زراعت اور بزنس ایڈمنسٹریشن کے شعبوں میں بلوچستان یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اینڈ منیجمنٹ سائنسز کوئٹہ کے طلبا کو اسکالرشپس فراہم کی جارہی ہیں۔ USAID کے تعاون سے سردار بہادر خان خواتین یونیورسٹی کوئٹہ اور زرعی یونیورسٹی لسبیلہ میں لیباریٹریوں کی سہولت کو بہتر بنایا جا رہا ہے جبکہ نصیرآباد اور جعفر آباد کے سیلاب سے متاثرہ 15 اسکولوں کو 6 ملین ڈالر کی لاگت سے دوبارہ تعمیر کیا جارہا ہے۔