امریکی حکومت کے انگریزی زبان کی تربیت کے پروگرام میں 600 طلبا کی شمولیت

آدمی ایک پوڈیم سے خطاب کرتے ہوئے

امریکی قونصل جنرل برائن ہیتھ نے امریکی حکومت کے تعاون سے جاری انگریزی کی تربیت کے منصوبے انگلش ایکسز مائیکرو اسکالرشپ پروگرام (Access) میں 600 نئے طلبا کی شمولیت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر منعقد ہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے برائن ہیتھ کا کہنا تھا کہ ’تعلیم کامیابی کی کنجی ہے۔ اس منصوبے کے ذریعے انگریزی کی تربیت حاصل کرنے والے نوجوان اپنی صلاحیتوں میں نکھار پیدا کر کے پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکیں گے۔‘

انگلش ایکسز مائیکرو اسکالرشپ پروگرام (Access) کے تحت کراچی کے کم آمدنی والے علاقوں سے تعلق رکھنے والے 13 سے 18 سال کی عمر کے 600 طلبا کی تربیت کا آغاز ستمبر 2014 میں ہوا جو اگست 2016 تک جاری رہے گا۔ ان طلبا کو اسکول کے اوقات کے بعد اور موسم گرما کی تعطیلات کے دوران انگریزی کی تربیت فراہم کی جارہی ہے جس کے ذریعے وہ نا صرف بہتر روزگار اور تعلیمی مواقع حاصل کرسکیں گے بلکہ امریکی حکومت کے مختلف تعلیمی وظائف کیلیے درخواست دینے کے اہل بھی ہو سکیں گے۔

2004 سے جاری انگلش ایکسز مائیکرو اسکالرشپ پروگرام  (Access)سے اب تک 85 ملکوں کے ایک لاکھ طلبا فائدہ اٹھا چکے ہیں۔ اس منصوبے کے ذریعے انگریزی زبان کی تربیت کے علاوہ غیر نصابی سرگرمیوں پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے جس کے ذریعے طلبا کی خود اعتمادی میں اضافہ ہوتا ہے اور وہ معاشرے کے کارآمد فرد کے طوراپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کیلیے تیار ہوتے ہیں۔