امریکی قونصل خانے کے زیر اہتمام کراچی کے کم آمدنی والے علاقوں سے تعلق رکھنے والے 14 سے 17 سال کی عمر کے نوجوانوں کو فٹ بال کی تربیت فراہم کی گئی۔
کیمپ کا انعقاد کراچی یونائٹڈ فٹ بال فاونڈیشن (KUFF) کے اشتراک سے کیا گیا۔ امریکی قونصل جنرل برائن ہیتھ نے بھی فٹ بال کیمپ میں شرکت کی اور شرکا کے ساتھ مل کر فٹ بال کھیلی۔ نوجوانوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے قونصل جنرل برائن ہیتھ کا کہنا تھا کہ ’کھیلوں کے ذریعے باہمی تعاون کے جذبے کو فروغ دیا جا سکتا ہے اور اس مقصد کیلیے فٹ بال ایک بہترین کھیل ہے ۔‘ قونصل جنرل نے مزید کہا کہ ’اس فٹ بال کیمپ کے انعقاد کا بنیادی مقصد پاکستان اور امریکا کے درمیان عوامی رابطوں کو فروغ دینا ہے۔‘
فٹ بال کیمپ کے بعد شرکا کے درمیان ایک میچ کا اہتمام کیا گیا جس میں نوجوانوں نے کیمپ میں حاصل کی گئی تربیت کا بھر پور استعمال کیا۔ میچ کے اختتام پر شرکا اور کراچی یونائٹڈ فٹ بال فاونڈیشن (KUFF) کے کوچز کو فٹ بال تحفے میں پیش کی گئیں۔