امریکی قونصل جنرل برائن ہیتھ نے نامور امریکی کیفے ’کولڈ اسٹون کریمری‘ کی کراچی میں قائم ہونے والی شاخ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر امریکی قونصل خانے کے افسران، کیفے کے اہلکاروں اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔
اس موقع پر منعقد ہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ ’سال 2012 کے دوران پاکستان اور امریکا کی باہمی تجارت کا حجم 5 بلین ڈالر سے زائد تھا اور اب امریکا پاکستانی برآمدات کی سب سے بڑی منڈی ہے۔‘ ان کا مزید کہنا تھا کہ ’دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کو مزید فروغ دینے کیلیے مواقع موجود ہیں۔ مجھے خوشی ہے کہ ’کولڈ اسٹون کریمری‘ اور اس جیسے دوسرے امریکی کاروباری ادارے پاکستان میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔‘
قونصل جنرل برائن ہیتھ کا کہنا تھا کہ ’امریکی قونصل خانہ پاکستانی کاروباری اداروں کو معاونت فراہم کر کے معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ مقامی افراد کیلیے ملازمتوں میں اضافے کیلیے کوشش کر رہا ہے۔ پاکستان کی معاشی ترقی کیلیے حکومت کے ساتھ ساتھ نجی شعبے کو بھی اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔‘
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وینس پاکستان پرائیوٹ لمیٹڈ کے صدر اور سی ای او عدنان اسد نے کہا کہ ’کولڈ اسٹون کریمری نا صرف اعلیٰ معیار کی آئس کریم تیار کرتی ہے بلکہ صارفین اس تجربے سے بے انتہا لطف اندوز بھی ہوتے ہیں۔‘
’کولڈ اسٹون کریمری‘ کی آئس کریم ہاتھ سے تیار کی جاتی ہے اور یہ 21 ذائقوں میں دستیاب ہے۔ امریکی ریاست ایریزونا میں قائم اس کیفے کی دنیا بھر کے 26 ملکوں میں 300 شاخیں ہیں۔