قونصل جنرل برائن ہیتھ نے امریکی حکومت کے تعاون سے جاری انگریزی کی تربیت کے منصوبے انگلش ایکسز مائیکرو اسکالرشپ پروگرام (Access) میں 400 نئے طلبا کی شمولیت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر منعقد ہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے برائن ہیتھ کا کہنا تھا کہ ’مجھے اس بات کی انتہائی خوشی ہے کہ اپنی تعیناتی کے دوران میں تیسری بار Access منصوبے میں نئے طلبا کی شمولیت کا اعلان کر رہا ہوں۔ کراچی کے 1200 سے زائد طلبا اس منصوبے کے ذریعے حاصل ہونے والی صلاحیتوں کو استعمال کر کے اپنے مستقبل کوبہتر بناسکیں گے۔‘ قونصل جنرل برائن ہیتھ کا مزید کہنا تھا کہ ’انگریزی کی تربیت کے ساتھ ساتھ ان طلبا کی غیر نصابی سرگرمیوں میں شرکت کیلیے حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ طلبا کی قائدآنہ صلاحیتیں نکھارنے کیلیے انھیں سماجی خدمت کے منصوبوں میں شامل کیا جائے گا جس سے ان کی کردار سازی میں بھی مدد ملے گی۔‘
انگلش ایکسز مائیکرو اسکالرشپ پروگرام (Access) کے تحت کم آمدنی والے علاقوں سے تعلق رکھنے والے 13 سے 18 سال کی عمر کے طلبا کو اسکول کے اوقات کے بعد اور موسم گرما کی تعطیلات کے دوران انگریزی کی تربیت فراہم کی جاتی ہے جس کے ذریعے وہ نا صرف بہتر روزگار اور تعلیمی مواقع حاصل کرنے کے قابل ہوتے ہیں بلکہ امریکی حکومت کے مختلف تعلیمی وظائف کیلیے درخواست دینے کے اہل بھی ہوتے ہیں۔
2004 سے جاری انگلش ایکسز مائیکرو اسکالرشپ پروگرام (Access) سے اب تک 85 ملکوں کے ایک لاکھ طلبا فائدہ اٹھا چکے ہیں۔ اس منصوبے کے ذریعے انگریزی زبان کی تربیت کے علاوہ غیر نصابی سرگرمیوں پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے جس کے ذریعے طلبا کی خود اعتمادی میں اضافہ ہوتا ہے اور وہ معاشرے کے کارآمد فرد کے طور پر اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کیلیے تیار ہوتے ہیں۔