امریکی قونصل خانے کے زیر اہتمام ’ڈینیل پرل ورلڈ میوزک ڈے‘ منایا گیا۔ اس موقع پر کراچی میں متعین امریکی قونصل جنرل کی رہائشگاہ پر 600 سے زائد افراد کیلیے کانسرٹ کا انعقاد کیا گیا جس میں امریکی سیکسافون نواز لی ریڈفیلڈ، نیشنل اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس (NAPA) کے طلبا اور مشہور پاکستانی بینڈ ’راہی‘ نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا.
کانسرٹ سے پہلے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے قونصل جنرل برائن ہیتھ نے کہا کہ دنیا بھر میں ’ڈینیل پرل ورلڈ میوزک ڈے‘ آنجہانی امریکی صحافی اور موسیقار ڈینیل پرل کی یا د میں منایا جاتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ آج کی خوبصورت تقریب نے یہ بات ثابت کر دی ہے کہ دوستی اور باہمی احترام ہی بہترین جذبے ہیں۔
برائن ہیتھ نے کہا کہ ڈینیل پرل نے قلم اور وائلن کے ذریعے مختلف ثقافتوں کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دینے کی کوشش کی۔ انھوں نے کہا کہ اگر آج ڈینیل پرل یہاں موجود ہوتے تو موسیقی کی اس دلفریب شام سے بے انتہا محظوظ ہوتے۔ قونصل جنر ل کا کہنا تھا کہ موسیقی کے ذریعے عوام کو ایک دوسرے کے قریب لایا جاسکتا ہے۔ قونصل جنرل برائن ہیتھ کا مزید کہنا تھا کہ دنیا بھر میں صحافی انتہائی مشکل حالات میں اپنے فرائض کی انجام دہی کے ذریعے جمہوریت کو مضبوط کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پیشہ ور صحافیوں کیلیے خطرات آج پہلے سے کہیں زیادہ ہیں۔
امریکی موسیقار لی ریڈفیلڈ امریکی محکمہ خارجہ کے زیر اہتمام ٹیکساس یونیورسٹی اور NAPA کے درمیان جاری اشتراک کے تحت کراچی کا دورہ کر رہے ہیں جبکہ پاکستانی بینڈ ’راہی‘ کے دو ارکان گلوکار احسن باری اور ڈرمر گمبی امریکی حکومت کے مختلف تبادلہ پروگراموں کے تحت امریکا کا دورہ کر چکے ہیں۔
’ڈینیل پرل ورلڈ میوزک ڈے‘ کے تحت دنیا بھر میں اکتوبر کے مہینے میں موسیقی کی محفلیں منعقد کی جاتی ہیں۔ اس منصوبے کا مقصد موسیقی کے ذریعے برداشت اور باہمی احترام کے جذبے کو فروغ دینا ہے۔