Flag

An official website of the United States government

کراچی میں ہوا کا معیار بہتر بنانے کیلئے اصیل الوقتی مانیٹرز کو فروغ دینے کیلئے امریکی قونصل خانہ کراچی اور سفا
کی طرف سے
2 منٹ پڑھیں
اپریل 6, 2021

 

رابطہ: برٹنی اسٹیورٹ
فون: 021 3527 5000

فوری اجرا کیلئے

کراچی میں ہوا کا معیار بہتر بنانے کیلئے اصیل الوقتی مانیٹرز کو فروغ دینے کیلئے امریکی قونصل خانہ کراچی اور سفارتکار برادری کی جانب سے ورچوئل کانفرنس

کراچی -–امریکی قونصل خانہ کراچی کی جانب سے  6 اپریل کو “2021 اور مستقبل میں کراچی کی ہوا کا معیار” کے عنوان کے تحت ایک ورچوئل کانفرنس منعقد کی گئی۔ مذکورہ  کانفرنس میں کراچی کے نامور پالیسی ساز، ماحولیاتی تبدیلی کے ماہرین اور سفارتکار وں نے شرکت کی اور ہوا میں آلودگی کی پیمائش اور اس کی نگرانی  کرنے کیلئے کم لاگت پر مبنی ہوا کے معیار کو جانچنے والے پروگراموں پر گفتگو کی گئی۔ امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے پوری دنیا میں 60 سے زائد ہوا کا معیار جانچنے والے مانیٹر لگائے ہیں جن میں سے چار پاکستان میں موجود ہیں۔ ان مانیٹرز سے حاصل ہونے والا اصیل الوقتی (real-time) ڈیٹا سائنسدانوں اور پالیسی سازوں کو مدد فراہم کرتا ہے اور شفاف انداز میں عوام کے مشاہدے کیلئے بھی دستیاب رہتا ہے۔

امریکی قونصل جنرل رابرٹ سلبرسٹین اور وزیر اعلی سندھ کے مشیر برائے ماحول، ماحولیاتی تبدیلی اور ساحلی ترقی مرتضی وہاب نے کانفرنس سے خطاب کیا۔

اس موقع پر بات کرتے ہوئے قونصل جنرل رابرٹ سلبرسٹین نے کہا کہ، “درست ڈیٹا ہمیں مسائل کوسمجھنے اور ان کے مطابق فیصلے کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔ اگر ہم کراچی کی ہوا کا معیار بہتر بنا سکے تو اس کے معاشی و سماجی فوائد واضح نظر آنے لگیں گے کیونکہ صاف ہوا کے نتیجے میں بہتر صحت اور پیداواری صلاحیتوں میں اضافہ ہوتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ہوا میں آلودگی کم کرکے سانس اور دیگر امراض کے نتیجے میں ادویات اور علاج معالجے پر آنے والے اخراجات میں بھی کمی آئے گی۔”

پینل پر موجود دیگر مہمانوں نے پاکستان میں امریکی مشن کی جانب سے نصب شدہ ہوا کا معیار جانچنے والے مانیٹر کی تفصیلات بیان کیں  اور ہوائی آلودگی کو کم کرنے کیلئے پالیسی ساز سفارشات بھی پیش کیں۔ برطانیہ، جرمنی، اٹلی، فرانس اور جاپان کے سفارتکاروں نے ہوا کا معیار جانچنے کے مانیٹرز کے متعلق اپنے تجربات بیان کیے اور کراچی کی ہوا میں موجود آلودگی کو کم کرنے کے طریقے بتائے۔

امریکی مشن کی ہوا کا معیار جانچنے سے متعلق ڈیٹا کے بارے میں مزید جاننے کیلئے  https://pk.usembassy.gov/embassy-consulates/air-quality-data/ پر جائیں۔