امریکی قونصل خانے کی دعوت پر ہالی وڈ ہدایت کاروں کی کراچی آمد

گروپ کے پینل

امریکی قونصل خانے نے نامور ہالی وڈ ہدایت کاروں مارتھا مچل اور اینڈی مرکن کو امریکی محکمہ خارجہ کے زیر انتظام اور یونیورسٹی آف سدرن کیلی فورنیا، ہنر کدہ کالج آف ویژول اینڈ پرفارمنگ آرٹس اور مورینگو فلمز کے تعاون سے منعقد ہونے والے امریکن فلم شوکیس میں شرکت کیلیے کراچی مدعو کیا۔ مارتھا اور اینڈی نے امریکن فلم شوکیس کے تحت منعقد ہونے والے 60 سیکنڈ انٹرنیشنل فلم فیسٹول میں شرکت کی جس میں پاکستانی اور امریکی مختصر فلموں کی نمائش کے ساتھ ساتھ منتخب فلموں کو ایوارڈ دیے گئے۔

مارتھا مچل اور اینڈی مرکن نے امریکی قونصل خانے کے زیر اہتمام پاکستانی فلمی صنعت کے بارے میں ایک مذاکرے میں بھی شرکت کی جس میں نامور پاکستانی فلم ساز مرزا جمشید محمود (جامی)، ندیم مانڈوی والا اور سندھ فلم سینسر بورڈ کے سربراہ فخر عالم بھی موجود تھے۔ مذاکرے میں حاضرین کی ایک بڑی تعداد نے بھی شرکت کی جس میں فلمی صنعت سے وابستہ شخصیات، فلمی اداروں کے طلبا اور اساتذہ شامل تھے۔ کراچی میں قیام کے دوران مارتھا مچل اور اینڈی مرکن 30 سے زائد نوجوان پاکستانی فلمسازوں کو دو روزہ فلم ورکشاپ میں تربیت بھی فراہم کریں گے۔

امریکن فلم شوکیس امریکی حکومت کا منصوبہ ہے جس کے ذریعے دنیا بھر میں امریکی فلمسازوں کے ساتھ ورکشاپوں اور فلمی میلوں کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ اب تک 67 ملکوں میں 117 فلمی نمائشوں کا انعقاد کیا جاچکا ہے جبکہ 10 ہزار سے زائد فلمسازوں کو تربیت بھی فراہم کی جا چکی ہے۔ اس بارے میں مزید جاننے کیلیے وزٹ کریں: