امریکی محکمہ توانائی کاپاکستان کے ساتھ ملکر توانائی کے شعبہ میں ۳۰ لاکھ ڈالر مالیت کےترقیاتی پروگرام کا اجراء

امریکی محکمہ توانائی کے معاون سیکریٹری برائے بین الاقوامی امور جوناتھن ایلکائنڈ نے پاکستان کی وزارت منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات، وزارت پانی و بجلی اور وزارت پٹرولیم و قدرتی وسائل کے ساتھ ملکر تیس لاکھ ڈالر کے کثیر الادارتی فنی معاونت پروگرام کے اجراء کا اعلان کیا، جو پاکستان کی توانائی کے شعبہ کو ترقی دینے میں معاونت کے لئے وضع کیا گیا ہے۔ اس تین سالہ پروگرام کے تحت ،جسکا انتظام وانصرام امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ) کے اشتراک سے کیا گیا ہے، امریکی محکمہ توانائی کی قومی تجربہ گاہوں سے ماہرین کو لایا جائے گا، جو پاکستانی ماہرین کے ساتھ ملکر توانائی سے متعلق مربوط منصوبہ بندی، باکفایت توانائی اور قابل تجدید توانائی کے شعبے میں نجی شعبے کی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لئے حکمت عملیاں تشکیل دیں گے اور وسائل کا انتظام کرنے میں مدددیں گے۔

معاون سیکریٹری ایلکائنڈ نے کہا کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ اشتراک کے لئے پرعزم ہے، ہم توانائی سے متعلق مشکلات کو حل کررہے ہیں اور توانائی کے شعبے میں مشترکہ عالمی ترجیحات جن میں قابل تجدید توانائی کی پھلتی پھولتی مارکیٹ سے سامنے آنے والے مواقع شامل ہیں، کے حصول کے لئے ملکر کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس اہم شعبے میں امریکی اور پاکستانی ماہرین کے مابین اشتراک کے منتظرہیں۔

یہ پروگرام امریکہ۔پاکستان کلین انرجی پارٹنرشپ میں ،جس کا اعلان صدر اوبامہ اور وزیر اعظم نواز شریف نے اکتوبر ۲۰۱۵ء میں کیا تھا، ایک سنگ ِمیل کی حیثیت رکھتا ہے۔ اس شراکت کے تحت پاکستان میں آلودگی سے پاک توانائی کی پیداوار میں نجی شعبے کی نئی سرمایہ کاری سے تین ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے، جس سے براہ راست تین کروڑ سے زائد پاکستانیوں کو فائدہ ہوگا۔ یہ نئی شراکت پاکستان کی توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لئے امریکہ اور پاکستان کے مشترکہ کوششوں کا تسلسل ہےاورتوانائی کے شعبہ میں وسیع تر امدادکا حصہ ہے جس میں یوایس ایڈ، محکمہ خارجہ اور محکمہ توانائی کی اعانت بھی شامل ہے۔

امریکہ اور پاکستان تزویراتی مذاکرات کے ذریعے قائم کئے جانے والے انرجی ورکنگ گروپ کے تحت ۲۰۰۹ء سے اب تک توانائی سے متعلق امور میں تعاون کررہے ہیں۔ بڑھتی ہوئی توانائی کی ضروریات اور محفوظ و پائیدار انداز میں توانائی تک رسائی کی اہمیت کا ادراک کرتے ہوئے امریکہ نے حکومت پاکستان کے ساتھ توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری اور اصلاحات میں تعاون کے لئے اب تک ایک ارب ڈالر سے زائد کی اعانت کا وعدہ کیا ہے۔ دونوں ملکوں کے باہمی تعاون کی بدولت قومی گرڈ میں تقریباً ۱۷۰۰ میگاواٹ اضافی بجلی شامل ہوئی ہے، جس سے تقریباً ایک کروڑ ۹۰ لاکھ پاکستانیوں کے گھروں اور کاروباروں کو بجلی فراہم ہوئی ہے اور بجلی کی تقسیم کار پاکستانی کمپنیوں کی سالانہ آمدن میں ۳۰ کروڑ ڈالر سے زائد اضافہ ہوا ہے۔

امریکہ اور پاکستان کی کلین انرجی پارٹنرشپ کے بارے میں مزید معلومات کے لئے درج ذیل ویب سائٹ ملاحظہ کیجئے:

https://www.whitehouse.gov/the-press-office/2015/10/22/fact-sheet-us-pakistan-clean-energy-partnership