اسلام آباد ( ۷ جولائی ۲۰۲۱ء)۔۔امریکی سفارتخانہ اسلام آباد نے قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے ساتھ گلگت میں لنکن کارنر کے قیام کے لیے ایک معاہدہ پر دستخط کیئے ہیں۔ معاہدہ پر دستخط امریکی سفارتخانہ اسلام آباد کے منسٹر قونصلر برائے اُمور عامہ رے کاسٹیلو اور قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عطاءُ اللّٰہ شاہ نے ورچوئل تقریب کے دوران کیئے۔
لنکن کارنرز پاکستان میں امریکی سفارتی مشن اور جامعات، عوامی کتب خانوں اور ثقافتی مراکز سمیت معروف پاکستانی اداروں کے درمیان اشتراک ہوتا ہے جس کا مقصد تعلیمی اور موضوعاتی سرگرمیوں کے انعقاد اور اس کے علاوہ پاکستان کی نوجوان نسل اور ابھرتی ہوئی قیادت کو امریکی ثقافت،تاریخ اور بین الاقوامی تعلقات کے معلوماتی ذخائر تک رسائی دیکر امریکہ کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا ہے۔لنکن کارنرز کی تقریبات بالمشافہ اور آن لائن منعقد ہوتی ہیں اور اُن میں ہر کوئی بلا معاوضہ شرکت کر سکتا ہے۔
اس موقع پراپنے خطاب میں رے کاسٹیلو نے یونیورسٹی انتظامیہ اور گلگت کے عوام کی حمایت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ لنکن کارنرز کے قیام کا قدم مستقبل میں ہمارے دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کی مضبوطی کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔
لنکن کارنر گلگت قراقرم یونیورسٹی کی مرکزی لائبریری میں قائم جدیدترین سہولیات سے آراستہ مرکز ہوگا جس میں تھری ڈی پرنٹر، ورچوئل رئیلٹی سامان اور کمپیوٹر سمیت جدید ٹیکنالوجی تک رسائی فراہم ہونے کے ساتھ ساتھ کتابوں، جریدوں اور الیکٹرانک معلوماتی ذخائر بھی دستیاب ہوں گے۔
لنکن کارنر کی تعمیر رواں موسم گرما کے اواخر میں شروع ہونے کا امکان ہے۔ اس حوالہ سے مزید معلومات کے لیے براہ مہربانی مندرجہ ذیل لنک ملاحظہ کریں۔
https://pk.usembassy.gov/education-culture/lincoln-corners-2/