اسلام آباد (۱۶ جولائی ۲۰۲۱ء)۔۔ امریکی سفارتخانہ اسلام آباد اور نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی(نسٹ) کے مابین یونیورسٹی کے ایچ ایٹ کیمپس میں لنکن کارنر کے قیام کا معاہدہ طے پایا ہے۔
امریکی سفارتخانہ کے منسٹر قونصلر برائے امور عامہ ریمنڈ کاسٹیلو اور نسٹ کے معاون ریکٹر برائے تدریسی اُمور ڈاکٹر عثمان حسن نے معاہدہ پر دستخط کیے۔ اس موقع پر سفارتخانہ کے دیگر اہلکار بھی نسٹ کے ریکٹر ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل انجنیئر جاوید محمود بخاری اور نسٹ کے بین الاقوامی اُمور کےدفتر کے سربراہ ڈاکٹر ریاض احمد کے ہمراہ تقریب میں شریک تھے۔
تقریب سے خطاب میں ریمنڈ کاسٹیلو نے اس یقین کا اظہار کیا کہ نسٹ میں لنکن کارنر کا قیام نوجوان قائدین کے لیے تدریسی روابط اُستوار کرنے، اپنی بین الثقافتی مہارتوں کو نکھارنے اور ریاستہائے متحدہ امریکہ کے ساتھ ان کے تعلق کو مزید تقویت دینے کے لیے مستحکم ذریعہ ثابت ہوگا۔
لنکن کارنر کے قیام سے نسٹ پاکستان میں امریکی سفارتی مشن اور ملک کے اٹھارہ دیگر نامور تعلیمی اور ثقافتی اداروں کے درمیان جاری شراکت کے ایک مربوط نظام کا حصہ بن گئی ہے۔ واضح رہے کہ لنکن کارنرایسے تقریبی مقامات اور تعلیمی مراکز ہوتے ہیں، جو معاشرے کے نوجوان قائدین کے امریکہ سے روابط کا ذریعہ بنتے ہیں اور اُن میں منعقد ہونے والے آن لائن یا بالمشافہ پروگراموں میں کوئی بھی بلا معاوضہ شرکت کر سکتا ہے۔
نسٹ میں جدید سہولیات سے آراستہ لنکن کارنر جامعہ کے مرکزی کتب خانہ میں واقع ہوگا اور ایک تخلیقی لیب، جامع ڈیجیٹل اور طبعی معلوماتی وسائل پر مشتمل ہوگا، جہاں پر امریکہ کے بارے میں موضوعاتی تقریبات بھی منعقد ہوا کریں گی۔اس لنکن کارنر کی تعمیر رواں موسم گرما کے آواخر میں شروع ہونے کی امید ہے۔ لنکن کارنرز کے بارے میں مزید معلومات کے لیے براہ مہربانی مندرجہ ذیل لنک ملاحظہ کریں:
https://pk.usembassy.gov/education-culture/lincoln-corners-2/