اسلام آباد ( ۲۶ ِجولائی، ۲۰۱۶ء)__ پاکستان بھر سے ای ٹیچر پروگرام کے ۲۵ سابق شرکاء نے اسلام آباد میں منعقد ہونے والی ایک تربیتی نشست میں انگریزی زبان کے اساتذہ کے لئے امریکی سفارتخانہ کے ای ٹیچر پروگرام کو وسعت دینے کے متعلق بات چیت کی ۔ اُنہوں نے پاکستان میں انگریزی زبان کی مہارتوں کے لیے وسیع پیمانے کے اوپن آن لائن کورسز کو استعمال کرنے اور فروغ دینے کی تربیت بھی حاصل کی ۔
امریکی سفارتخانہ کی ریجنل انگلش لینگویج آفیسر جین میک آرتھر نے کہا کہ ہم اپنے ای ٹیچر پروگرام کا حجم جو ۲۰۱۶ء میں اڑتیس اساتذہ پر مشتمل تھا، دوگنا کرکے ۲۰۱۷ء میں ۷۵ سے زیاد ہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں اور اِس ورکشاپ سے ہمیں پروگرام کے سابق شرکاء کی آراء حاصل کرنے کا ایک قابل ِقدرموقع میسر آیا۔ انہوں نے کہا کہ اُنہیں امریکی تبادلہ پروگراموں کے سابق شرکاء کی پرائمری اسکولوں سے جامعات کی سطح تک پورے پاکستان میں انگر یزی سکھانے کے اس اقدام میں کامیابی کے بارے میں جان کر بہت خوشی ہوئی اور اُنہیں امید ہے کہ اوپن آن لائن کورسز جیسے طریقوں کو استعمال کرتے ہوئے مزید طلبہ تک پہنچا جاسکے گا۔
اسلام آباد ماڈل کالج فار بوائز میں انگریزی کے اسسٹنٹ پروفیسر محمد راشد نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ای ٹیچر ورکشاپ نے ہمیں دیگر پاکستانی ای ٹیچر الومینائی سے بالمشافہ ملاقاتوں اورایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے کا موقع فراہم کیا ۔ اس سے ہمیں اپنی پیشہ ورانہ ترقی کے لیے مستقبل میں باہمی تعاون کی منصوبہ بندی میں بھی مدد ملے گی۔
امریکی سفارتخانہ نے ۲۰۰۶ء سے اب تک سینکڑوں پاکستانی اساتذہ کو امریکی جامعات کے ذریعے آن لائن گریجویٹ سطح کے انگریزی زبان کے آٹھ ہفتے کے تدریسی کورسز کی تکمیل کے لئے ای ٹیچر پروگرام کے تحت مکمل وظائف فراہم کئے ہیں۔ ای ٹیچر پروگرام کے بارے میں مزید جاننے کے لئے د رج ذیل ویب سائٹ ملاحظہ کیجئے۔
https://exchanges.state.gov/non-us/program/AE-E-Teacher-Program
امریکی محکمہ خارجہ کی اعانت سے چلنے والے انگریزی زبان کے دیگر پروگراموں کے بارے میں آگہی کے لئے مندرجہ ذیل ویب سائٹ ملاحظہ کیجئے۔
AmericanEnglish.state.gov