ٹھٹھہ۔ کراچی میں متعین امریکی قونصل جنرل گریس شیلٹن نے مکلی کےتاریخی قبرستا ن کا دورہ کیا اورامریکی حکومت کی جانب سے2لاکھ60ہزار ڈالر(2کروڑ70لاکھ روپے)کی لاگت سے ’ایمبیسڈرز فنڈ برائے تحفظ ثقافتی ورثہ ‘کے تحت سلطان ابراہیم اور امیر سلطان محمد کے قدیم مقبروں کی بحا لی اور مرمت کے کام کا جائزہ لیا ۔۔
اس موقع پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے قونصل جنرل گریس شیلٹن کا کہنا تھا کہ ’ایمبیسڈرز فنڈ برائے تحفظ ثقافتی ورثہ ‘کو فن و ثقافت کے شعبے میں پاکستان کے ساتھ امریکی اشتراک میں مرکزی حیثیت حاصل ہے۔ان کا کہنا تھا کہ تاریخی ورثےکے تحفظ کے منصوبوں میں ہمارا تعاون پاکستان کےشاندار تاریخی ورثے کے لئے امریکی حکومت کے احترام کی مثال ہے۔
امریکی حکومت کے تعاون سے صوبہ سندھ میںتاریخی ورثےکے تحفظ کے دو منصوبے جاری ہیں۔ مکلی کے علاوہ ڈھائی لاکھ امریکی ڈالر(2کروڑ 60لاکھ روپے) کی لاگت سےمنوڑہ کے ساحل پر واقع ورُن دیو مندر کی بحالی کا کام بھی جاری ہے۔۔
’ایمبیسڈرز فنڈ برائے تحفظ ثقافتی ورثہ ‘دنیا بھر میں 100سے ز ائدممالک میں ثقافتی ورثے کےتحفظ کیلیے تعاون فراہم کر رہا ہے۔ ان منصوبوں میں قدیم اور تاریخی عمارتوں کی بحالی، نایاب مخطوطات ، نوادرات اور اہم آثار قدیمہ کا تحفظ اور روایتی ہنر اور قدیم زبانوں کو دستاویزی شکل دینا شامل ہیں۔