۲۶ فروری ، ۲۰۱۵ء
اسلام آباد (۲۶فروری، ۲۰۱۵ء)__ امریکہ میں حال ہی میں ڈاکٹریٹ کی تعلیم مکمل کرکے وطن واپس پہنچنے والے چار پاکستانی اسکالرز نے آج ایک مقامی ہوٹل میں تعلیم کے موضوع پر منعقدہ مباحثے میں اپنی تحقیق اور تجربات کو اجاگر کیا۔ اس موقع پر امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ) کے پاکستان میں مشن ڈائریکٹر گریگری گوٹلیب اور پاکستان کے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے رکن ڈاکٹر جی رضا بھٹی نے تعلیم کے شعبے میں امریکہ اور پاکستان کے درمیان تعاون پر روشنی ڈالی۔ یہ چاروں اسکالرز یو ایس ایڈ کے فنڈز سے جاری ایک اسکالرشپ اسکیم کا حصہ ہیں، جس کے تحت ۳۴ پاکستانی طلبہ کو امریکہ میں ڈاکٹریٹ کی تعلیم مکمل کرنے کے لئے بھیجا گیا ہے۔ یہ اسکالرز جو مختلف تدریسی شعبوں سے تعلق رکھتے ہیں، پاکستان کی اعلیٰ جامعات میں اساتذہ کے طور پر خدمات انجام دینے کے لئے پاکستان واپس آئیں گے۔
مباحثے کے دوران یو ایس ایڈ کے مشن ڈائریکٹر گریگوری گوٹلیب نے کہا کہ یہ اسکالرز پاکستان میں اساتذہ کی تعلیم و تربیت کو مسلسل بہتر بنانے اور جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے ایک پُل کا کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اسکالرز اپنے ساتھ ذاتی اور پیشہ ورانہ تجربات کا ایک خزانہ لیکر پاکستان آئے ہیں، جس کی بدولت پاکستان کے تعلیمی شعبے میں اہم تبدیلی رونما ہوسکتی ہے۔
ان اسکالرز میں افشاں ہما، فدا حسین چنگ اور ثمینہ ندیم جنہوں نے مشی گن اسٹیٹ یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی اور فیض اللہ جان جنہوں نے واشنگٹن میں امریکن یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کی، شامل ہیں۔ مباحثے کے دوران اس بات پر توجہ مرکوز کی گئی کہ ان اسکالرز نے اپنے پی ایچ ڈی پروگراموں کے دوران تعلیم کی فراہمی کے جو بین الاقوامی طریقے سیکھے ان سے پاکستان کے روایتی تعلیمی طریقے کو کس طرح ہم آہنگ کیا جاسکتا ہے۔ مباحثے کے دوران اسکالرز نے طلبہ کو بااختیار بنانے اور اساتذہ کو اپنی پوری علمی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے قابل بنانے کے لئے تعلیمی تحقیق کی اہمیت پر بھی بات چیت کی۔
امریکی حکومت پاکستان میں بنیادی اور اعلیٰ تعلیم کے معیار کو بلند کرنے کےلئے کام کررہی ہے، جو پاکستانیوں کے معیار زندگی میں بہتری کے لئے خوشحالی اور معاشی ترقی کو فروغ دینے کی کوشش کا حصہ ہے۔ یو ایس ایڈ کے پی ایچ ڈی اسکالرشپ پروگرام کا مقصد ہونہار طلبہ کو اپنی علمی و پیشہ ورانہ مہارت کو بڑھانے، کاروباری سرگرمیوں، حکومت اور کمیونٹی ریسرچ میں شرکت کے لئے اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
یو ایس ایڈ چار پاکستانی جامعات میں اعلیٰ تعلیم کے مراکز قائم کرنے کے لئے بھی ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے ساتھ ملکر کام کررہا ہے۔ یہ مراکز زراعت، توانائی اور پانی کے شعبوں میں نصابی ترقی اور عملی تحقیق کو بہتر بنانے کے لئے امریکی جامعات کے ساتھ اشتراک کریں گے۔ ان مراکز کے کاروباری برادری کے ساتھ ٹھوس تعلقات ہوں گے اور یہ مراکز ان شعبوں کے پالیسی معاملات پر بھی کام کریں گے۔
پاکستان کے تعلیمی شعبے کے لئے امریکی معاونت کے بارے میں مزید معلومات کے لئے درج ذیل ویب سائٹ ملاحظہ کیجئے۔