برائے فوری اجراء
اسلام آباد (۲۰ نومبر ۲۰۲۰ء)__بین الاقوامی رسد کا حصہ بننے کے لیے تیار پاکستان میں خواتین کی ملکیت والے تجارتی منصوبوں کو اب بین الاقوامی معیار کے تربیتی مواقع، رابطہ کاری اور معلومات تک رسائی میسر ہوگی۔ یہ اہم پیشرفت غیر منافع بخش ادارے وی کنیکٹ انٹرنیشنل کی جانب سے وائیٹل وائیسز گلوبل پارٹنرشپ اور یوایس پاکستان ویمنز کونسل کے تعاون سے شروع کیے جانے والے ویمنز بزنس اَپرچونٹی انیشی ایٹو کی وجہ سے ممکن ہوئی ہے۔
امریکی سفارتخانہ اسلام آباد اور یو ایس پاکستان ویمنز کونسل کی جانب سے گلوبل انٹرپرینیورشپ ویک کے موقع پر خواتین تاجروں کی ترقی کے اقدامات اور ترسیلاتی اداروں میں تنوع کو یقینی بنانے کے حوالے سے منعقد کیے جانے والے ورچوئل پروگرام کے موقع پر مذکورہ منصوبہ کا اعلان کیا گیا تھا۔ امریکہ۔ پاکستان ویمنز بزنس کونسل امریکی حکومت، ٹیکساس کی اے اینڈ ایم یونیورسٹی اور پاکستان اور امریکہ کی نجی کمپنیوں کے درمیان منفردسرکاری و نجی اشتراک کار ہے۔
ویمنز بزنس اَپرچونٹی انیشی ایٹوِ کا مقصد رسد کے بین الاقوامی نظام میں اُ ن کی شمولیت اور اُن کی مسابقت میں اضافہ اور پاکستانی خواتین تاجروں کی تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے مواقع تک رسائی میں مدد فراہم کرنا ہے۔
امریکی سفارتخانہ اسلام آباد کی ناظم الاُمور اینجلا ایگلر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منصوبہ پرعملدرآمد کے نتیجہ میں خواتین انٹرپرینیورز کے پاکستان کی معیشت میں قدم مضبوط کرنے اور بیرون ملک بین الاقوامی تجارتی اداروں سے اُن کے روابط اُستوار کرنے کے قوی امکانات موجود ہیں۔ خواتین کی ملکیت والے تجارتی منصوبوں کی آمدنی میں اضافہ سے اُن کے ملازمین، خاندان اور کمیونٹی مستفید ہوگی۔
تقریب کے دوران پیش کی جانے والی تحقیقی جائزہ کے مطابق پاکستان میں ایک تہائی گاہک خواتین کی ملکیت والے تجارتی منصوبوں سے خریداری کرتے ہیں اور ہر چوتھے کاروبار کی پالیسی ذرائع برائے ترسیلات کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ تاہم بہتری کی گُنجائش اب بھی موجود ہے۔ تقریب کے دوران تاجر برادری کی رہنماؤں اور ترقی کی خواہاں خواتین کی ملکیت والے تجارتی منصوبوں کو بھی اُجاگر کیا گیا۔ اُن کی جستجو کی بدولت پاکستان کی خواتین مستقبل میں بطور کارآمد افرادی قوت میں شمولیت اور معاشی ترقی کے مزید مواقع سے مستفید ہوں گی۔
وی کنیکٹ انٹرنیشنل بین الاقوامی غیر منافع بخش تنظیم ہے جو خواتین کی ملکیت والے تجارتی منصوبوں کے امریکہ سے باہر موجود خریداروں سے روابط اُستوار کرتی ہے۔ یہ تنظیم پاکستان میں خواتین کو معا شی طور پر بااختیار بنانے کے لیے پُرعزم معروف تنظیموں پر مشتمل امریکہ پاکستان ویمنز کونسل کی رُکن بھی ہے۔
ویمن بزنس اَپرچونٹی اِنیشی ایٹوِ کے بارے میں مزید معلومات اور وی کنیکٹ انٹرنیشنل سے رابطہ کے لیے براہ مہربانی مندرجہ ذیل ویب سائیٹ ملاحظہ کریں:
https://weconnectinternational.org/asia-pacific/pakistan/
###