امریکی قونصل خانے، پاکستان سافٹ ویئر ہاوسز ایسوسی ایشن (PASHA)، گوگل اور سام سنگ نے آئی ٹی کے شعبے میں نئے منصوبوں کے آغاز کیلیے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔NEST I/O کے نام سے شروع ہونے والے پاکستان میں اپنی نوعیت کے اس پہلے منصوبے کیلیے امریکی محکمہ خارجہ، گوگل اور سام سنگ 1.4 ملین ڈالر فراہم کریں گے۔ NEST I/O دنیا بھر میں اسی نوعیت کے دیگر 28 منصوبوں سے اشتراک کرے گا۔
کراچی میں متعین امریکی قونصل جنرل برائن ہیتھ، PASHA کی صدر جہاں آرا، گوگل کے پبلک پالیسی سربراہ این لیون اورسام سنگ کے منیجنگ ڈائریکٹر جے ایچ لی نے منصوبے کے آغاز پر منعقد ہونے والی تقریب میں شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی قونصل جنرل برائن ہیتھ نے کہا کہ ’اس نوعیت کے کاروباری منصوبوں سے پاکستان میں معاشی ترقی کی رفتار کو تیز کرنے میں مدد ملے گی۔‘ ان کا مزید کہنا تھا کہ ’امریکا میں 95 فیصد نئی ملازمتیں نئی قائم ہونے والی کمپنیاں فراہم کرتی ہیں اور اسی وجہ سے NEST I/O منصوبہ انتہائی اہمیت کاحامل ہے۔‘
قونصل جنرل برائن ہیتھ نے امریکی حکومت کی جانب سے پاکستان کو معاشی شعبے میں فراہم کیے جانے والے تعاون کا بھی ذکر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’خوشی کا سفر، امریکی حکومت کا وہ منصوبہ ہے جس کے ذریعے پاکستانی حکومت کے ساتھ مل کر کاروباری افراد کو نئے منصوبے شروع کرنے کی تربیت فراہم کی جارہی ہے۔‘
امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (USAID) کے تین منصوبوں کے ذریعے 100 ملین ڈالر کی لاگت سے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار شروع کرنے میں دلچسپی رکھنے والے افراد کو سرمایہ فراہم کیا جارہا ہے۔ اس کے علاوہ 500 کاروباری خواتین کو چھوٹے کاروبار چلانے کی تربیت بھی دی جارہی ہے۔