امریکہ نے پاکستان میں چھوٹے اور درمیانے کاروباری اداروں کے لئے قرض تک رسائی کے پروگرام کا آغاز کردیا

۱۱مارچ، ۲۰۱۵ء

اسلام آباد (۱۱ مارچ، ۲۰۱۵ء)__ امریکہ۔ پاکستان بزنس اپرچونیٹیز کانفرنس کے تحت امریکی حکومت نے قرض تک رسائی کے امریکہ۔پاکستان شراکتی پروگرام کا آغاز کردیاہے۔ امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یوایس ایڈ) کے دفتر برائے افغانستان و پاکستان میں معاون منتظم ڈونلڈ لیری سیمپلر نے پروگرام کا افتتاح کیا، جس کے تحت چھوٹے اور درمیانے درجے کے اہل پاکستانی کاروباری اداروں کو قرض فراہم کیا جائے گا۔

یو ایس ایڈ کے ساتھ پروگرام کے چار شراکتدار بینک الفلاح لمیٹڈ، جے ایس بینک لمیٹڈ، خوشحالی بینک لمیٹڈ اور فرسٹ مائیکرو فائنانس بینک لمیٹڈ ہیں، جو اہل کاروباری اداروں کو اپنا کاروبار بڑھانے، ملازمتیں فراہم کرنے اور آمدنی بڑھانے کے لئے سرمایہ جاتی قرض فراہم کریں گے۔

ڈونلڈ لیری سیمپلر نے جو امریکہ ۔ پاکستان کاروباری کانفرنس کے لئے پاکستان کا دورہ کررہے ہیں، کہا کہ چھوٹے کاروباری اداروں کو صرف پاکستان میں ہی نہیں بلکہ امریکہ میں بھی نمو کے چیلجنز درپیش ہیں۔ ہر جگہ چھوٹے کاروباری اداروں کو جو بڑے چیلنجز درپیش ہیں ان میں سے ایک چیلنج قرض تک رسائی کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری اداروں کو ترقی کرنے اور اپنے کاروبار کو وسعت دینے کے لئے سرمایہ جاتی قرض کی ضرورت ہوتی ہے، لیکن اکثر قرض تک رسائی بالخصوص چھوٹے کاروباری اداروں کے لئے مشکل ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بینکوں کے ساتھ شراکت چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو ترقی کرنے اور نئی مارکیٹوں میں اپنے کاروبار کو وسعت دینے میں مدد کے لئے براہ راست معاونت فراہم کرنے کی بڑی امریکی کاوش کا ایک حصہ ہے۔

پاکستان میں ۳۲ لاکھ کاروباری اداروں میں سے ۳۰ لاکھ کے لگ بھگ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری ادارے ہیں۔ چھوٹے اور درمیانے درجے کے یہ کاروباری ادارے پاکستان کی خام ملکی پیداوار (جی ڈی پی) کا ۳۰ فیصد سے زائد اور ملک کی مجموعی برآمدی آمدنی کا ۲۵ فیصد فراہم کرتے ہیں۔ یہ شعبہ ترقی میں مزید اہم کردار ادا کرسکتا ہے، لیکن اس سمت میں قرض تک ناکافی رسائی ایک رکاوٹ ہے۔ پاکستانی بینک جو اس شعبے کو کاروباری لحاظ سے بہت زیادہ پرخطرسمجھتے ہیں، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو قرض دینے میں تذبذب کا شکار ہیں۔ اس تاثر کو دور کرنے اور اس شعبے کی مالی طور پر قابل عمل ہونے کی صلاحیت کو اجاگر کرنے کے لئے یو ایس ایڈ نے قرض تک رسائی کے امریکہ۔پاکستان شراکتی پروگرام کے ذریعے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو ۶۰ ملین ڈالر کا سرمایہ جاتی قرض فراہم کرنے کے لئے مقامی بینکوں کے ساتھ شراکت کی ہے۔

امریکہ کا پاکستان میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو معاونت فراہم کرنے کا طویل سفر ہے۔ گذشتہ تین سال کے عرصے کے دوران یو ایس ایڈ کے پروگراموں نے پاکستان میں ۲۳ ہزار ملازمتیں مہیا کرنے میں مدد کی ہے اور ۸۵ ہزار چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو کاروباری ترقی کی خدمات فراہم کی ہیں۔

یو ایس ایڈ کے پاکستان میں معاشی ترقی کے پروگراموں کے بارے میں مزید معلومات کے لئے درج ذیل ویب سائٹ ملاحظہ کیجئے۔

http://www.usaid.gov/pakistan/economic-growth-agriculture