اسلام آباد ( ۳۰ ِ اپریل ۲۰۱۹ ) – امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے عالمی سطح پر کی جانے والی کوششوں کے سلسلے میں پاکستان میں امریکی سفارتی مشن نے بھی ہوا کے معیار کو پرکھنے کی غرض سے امریکی سفارتخانہ اسلام آباد کے احاطہ میں دو عدد آلات نصب کیئے ہیں۔ امریکی ادارہ برائے تحفظ ماحولیات کے تعاون سے نصب کردہ ان آلات میں دستیاب بہترین ٹیکنالوجی کو بروئے کار لایا گیا ہے ۔ ان اعداد و شمار کی اشاعت سے سائنسدانوں، محققین، حکومت اور عام لوگ سانس لینے کے لیئے میسر ہوا کے معیار کی تازہ ترین معلومات تک رسائی حاصل کر سکیں گے۔
امریکہ کی نائب معاون وزیر خارجہ برائے جنوب اور وسط ایشیائی امور سفیر ایلس ویلز نے آج امریکی سفارتخانہ اسلام آباد میں نصب کیئے جانے والے مذکورہ مانیٹرنگ آلات کا افتتاح کیا ۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ دونوں اس سہولت کو فضائی آلودگی کی انسداد کے لیئے بروئے کار لا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی معیار کی نگرانی کے یہ آلات ان بیشتر وسائل میں سے ہیں جو فضائی آلودگی کے اثرات کو کم کرنے کے لمبے سفر میں ہمارے ساتھ ہیں جن سے بالآخرآلودگی کے ذرات کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔
امریکی سفارتی مشن پاکستان اس حوالہ سے پاکستان کی وزارت برائے انسداد ماحولیاتی تبدیلی، ادارہ برائے تحفظ ماحولیات اور دیگر اداروں کے ساتھ ملک کر ملک میں سانس لینے کے لیئے ہوا کا معیار بہتر بنانے پر کام کرے گا۔ امریکی سفارتخانہ اسلام آباد میں نصب کردہ فضائی ماحولیاتی نگرانی کے ان آلات سے ملنے والی معلومات ویب سائیٹ ایئر ناؤ ڈاٹ جی او وی ، امریکی سفارتخانہ کی ویب سائیٹ اور ٹوئٹرپر ایٹ اسلام آباد انڈر اسکور ایئر پر دستیاب ہیں ۔ مستقبل قریب میں کراچی، لاہور اور پشاور کے امریکی قونصل خانوں میں بھی فضائی معیار کی نگرانی کے آلات نصب کیئے جائیں گے اور ان شہروں سے متعلق معلومات بھی ایئر ناؤ ڈاٹ جی او وی ، خصوصی ٹوئٹر نشریات اور ہر قونصل خانہ کی ویب سائیٹ پر دستیاب ہونگی۔