امریکی حکومت کے زیر اہتمام پاکستانی صحافیوں کیلیے تربیتی پروگرام

آدمی ایک گروپ کے سامنے بول

امریکی محکمہ خارجہ اور انٹرنیشنل سینٹر فار جرنلسٹ (ICFJ) نے ’یو ایس پاکستان پروفیشنل پارٹنرشپ ان جرنلزم‘ پروگرام کے تحت امریکا کا دورہ کرنے والے پاکستانی صحافیوں کیلیے تربیتی سیمینار کا اہتمام کیا۔ کراچی میں متعین امریکی قونصل جنرل برائن ہیتھ نے انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن (IBA) میں قائم ’سینٹر فار ایکسلینس ان جرنل ازم‘ (CEJ) میں منعقد ہونے والے تین روزہ سیمینارکا افتتاح کیا۔ نامور ملکی اور غیر ملکی صحافی ذمہ دارآنہ صحافت، ڈیجیٹل میڈیا اور انویسٹی گیٹو رپورٹنگ کے شعبوں میں تربیت فراہم کریں گے.

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل برائن ہیتھ نے کہا کہ اس قسم کے پیشہ ورآنہ تربیت کے منصوبے پاکستان اور امریکا کے درمیان رابطوں کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوں گے۔ امریکا کا دورہ کرنے والے پاکستانی صحافیوں کو نا صرف اپنے امریکی ساتھیوں سے سیکھنے کا موقع ملتا ہے بلکہ وہ یہاں واپس آکر اپنی صلاحیتوں کو مزید نکھارسکتے ہیں۔

امریکی حکومت ہر سال پاکستانی شہریوں کیلیے تبادلہ پروگراموں پر تقریباً 40 ملین ڈالر خرچ کر رہی ہے جس کے تحت 1300 شرکا کو امریکا بھیجا جا چکا ہے۔ ’یو ایس پاکستان پروفیشنل پارٹنرشپ ان جرنلزم‘ پروگرام کے تحت 2011 سے اب تک 200 پاکستانی صحافی امریکا کا دورہ کر چکے ہیں۔

’سینٹر فار ایکسلینس ان جرنل ازم‘ (CEJ) امریکی حکومت کے تعاون سے قائم ہونے والا ادارہ ہے جس کے ذریعے پاکستانی صحافیوں کوجدید پیشہ ورآنہ امور پر ملکی اور غیر ملکی ماہرین کے ذریعے بین الاقوامی معیارکے مطابق تربیت فراہم کی جاتی ہے۔ اس ادارے کے ذریعے انویسٹی گیٹو جرنلزم، ملٹی میڈیا رپورٹنگ، سوشل میڈیا، ذمہ دارآنہ صحافت، صحافیوں کی حفاظت اور ڈیٹا جرنل ازم کے شعبوں میں تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔ CEJ کے بارے میں مزید جاننے کیلیے وزٹ کریں:

www.icfj.org/our-work/center-excellence-journalism-cej