اسلا م آباد (۹ ا کتوبر ، ۲۰۱۶ء) __ امریکہ کے تجارتی نمائندے سفیر مائیکل فرومن نے امریکہ ۔ پاکستان ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ فریم ورک ایگریمنٹ (ٹیفا) پر حکومت پاکستان کے ساتھ بات چیت کے لئے ۱۸ اکتوبر کو اسلام آباد میں ایک وفد کی قیادت کی۔ ٹیفا کونسل کے اجلاس میں جس کی میزبانی وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر خان کررہے تھے، پاکستانی مصنوعات کے لئے امریکہ میں مارکیٹ تک وسیع رسائی، لیبر اصلاحات میں تعاون، کاروباری سطح کے تعلقات اور حقوق املاک دانش سمیت تجارت و سرمایہ کاری سے متعلق اہم معاملات کا احاطہ کیا گیا۔
امریکہ کے تجارتی نمائندے مائیکل فرومن نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ معاشی تعلقات کو امریکہ بہت زیادہ اہمیت دیتا ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان ایک مضبوط معاشی تعلق ہے جو ہزاروں افراد اور ان کے خاندانوں کی زندگی میں بہتری پر مبنی ہے۔ ہم نے کافی کامیابی حاصل ہے لیکن اب بھی بہت پیش رفت کی گنجائش باقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ ہمارے تعلقات کے بہترین سال ہمارے سامنے ہیں اور ہم اپنے سامنے موجود بے شمار مواقع سے بھرپور طریقے سے مستفید ہونے کے لئے جدوجہد کررہے ہیں۔
فریقین نے تجارت و سرمایہ کاری کو وسعت دینے سے متعلق جاری تعاون کو خصوصی طور پر اجاگر کیا۔ فریقین نے کہا کہ امریکہ۔ پاکستان کلین انرجی پارٹنرشپ کے تحت پاکستان میں کلین انرجی ڈیولپمنٹ کے نجی شعبے کے لئے تقریباً آٹھ کروڑ اسی لاکھ ڈالر کی فراہمی کے لئے امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ) اور پانچ پاکستانی بینکوں کےدرمیان پندرہ سالہ اشتراک کا ستمبر میں اجراء اس ضمن میں ایک اہم مثال ہے ۔ امریکی حکام نے کہا کہ پاکستان پرائیویٹ انویسٹمنٹ انیشیٹو (پی پی آئی آئی) اور تین انویسٹمنٹ فنڈز کے تحت پاکستان میں ابتدائی سرما یہ کاری اس سال کی جائے گی، پاکستان کے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں میں کم از کم ۱۵ کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کے لئے نجی شعبے کے فنڈز کے ساتھ تینوں انویسٹمنٹ فنڈز نے یو ایس ایڈ کی فنڈنگ کے برابر حصہ ڈالا ہے۔ پی پی آئی آئی، توانائی کے نئے اقدام اور قرض تک رسائی کے لئے امریکہ۔پاکستان شراکت (چھ کروڑ ڈالر) کے تحت یو ایس ایڈ آئندہ برسوں کے دوران پاکستان میں تیس کروڑ ڈالر فنانسنگ تک رسائی کو یقینی بنائے گا۔ سفیر فرومن نےعالمی بینک کے ڈوئنگ بزنس انڈیکس پر پاکستان کی رینکنگ کو بہتر بنانے کی پاکستانی حکمت عملی میں تعاون کے عزم کا اظہار کیا۔
سفیر فرومن نے ٹیفا کونسل میٹنگ ۲۰۱۴ کے تحت خواتین کو معاشی طور پر با اختیار بنانے اور وومن انٹرپنیورشپ کے یادداشتی مسودے پر مثبت تعاون کاذکر کیا۔ اسے جون میں ایک جامع منصوبے میں تحریر کیا گیا تھا جس میں امریکہ پاکستان وومن کونسل کی کوشش بھی شامل تھی۔
ٹیفا میٹنگ کے علاوہ سفیر فرومن نے پاکستانی آفیشلز کے ساتھ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی۔ ان ملاقا توں کے دوران سفیر فرومن نے اس بات پر زور دیا کہ امریکہ پاکستانی حکومت اور نجی شعبے کے ساتھ مل کر باہمی تجارت اور سرمایہ کاری میں بہتری کے لیے پر عزم ہے۔
امریکہ پاکستانی برآمدات کی سب سے بڑ ی منڈی اور پاکستان میں براہ راست سرمایہ کاری کا ایک بنیادی ذریعہ ہے۔ ۲۰۱۵ ء میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان باہمی تجارت پانچ اعشاریہ پانچ ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی ۔
امریکہ پاکستان ٹیفا دونوں ملکوں کے درمیان تجارت اور سرما یہ کاری کے لیے گفت و شنید کے اصول اور سٹرا ٹیجک ڈھانچہ فراہم کر تا ہے۔ ٹیفا کے متعلق مزید جاننے کے لیے وزٹ کریں
https://ustr.gov/trade-agreements/trade-investment-framework-agreements
پاکستان اور امریکہ کے درمیان مظبوط معاشی شراکت سے متعلق حقائق نامہ درج ذیل لنک پر موجود ہے۔
http://www.state.gov/p/sca/rls/fs/2016/263216.htm
###