امریکہ اور پاکستان پانی کے بہتر انتظام وانصرام میں بہتری کیلئے  کوشاں

برائے فوری اجراء 

اسلام آباد(۱۸ فروری ۲۰۲۱ ء) __  امریکی حکومت نے امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ) اورحکومت پنجاب کے اشتراک سے پاکستان واٹر کانفرنس ۲۰۲۱ ء کا انعقاد کیا جس کا مقصد پاکستان میں پانی کے شعبے کو درپیش چیلنجوں اور پانی کی پیداوار میں اضافے کے حوالے سے حکومتی اقدامات کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔

امریکہ اور پاکستان طویل عرصے سے پانی کے مسائل کے حل کیلئے مل کر کام کر رہے ہیں۔  پانی کی فراہمی کیلئے بنیادی ڈھانچے کی تعمیراور انتظام و انصرام کیلئے مشترکہ سرمایہ کاری سے نئی ملازمتیں پیدا ہو رہی ہیں، کسانوں کی آمدن بڑھ رہی ہے، صحت اور نکاسی آب کے نظام میں بہتری ہو رہی ہے اور یہ منصوبے قومی اور صوبائی سطح پر معاشی ترقی  میں مدد گار ثابت ہو رہے ہیں۔ 

یو ایس ایڈ کی مشن ڈائریکٹر جولی کوینن نے کہا کہ آج کی کانفرنس پانی کی طلب اور رسد میں بہتر توازن کی طرف ایک اہم قدم ہے۔ پانی کا بہترانتظام پانی کی پیداوار میں بہتری کیلئے بنیادی شرط ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانی کی پیداوار میں بہتری کا مطلب زمین پراور زیر زمین پانی کے نظام اوروسیع تر ماحول کو نقصان پہنچائے بغیر گھریلو صارفین، کسانوں اور صنعتوں کو پانی کی فراہمی میں بہتری لانا ہے۔

پالیسی سازوں، وفاقی اور صوبائی حکومتی نمائندوں، آبی وسائل کے ماہرین ،یو ایس ایڈ ،تعلیمی اور نجی شعبے سے متعلقہ شراکت داروں نے کانفرنس میں شرکت کی۔

امریکہ کی جانب سے پاکستان کومعاشی ترقی اور توانائی کے شعبے میں اعانت کے بارے میں مزید جاننے کیلئے پڑھیئے۔

www.usaid.gov/pakistan/economic-growth-agriculture