امریکہ کی جانب سے یونیسیف کو "پاکستان محفوظ تر اسکول پروگرام "کیلئے ۴۶ لاکھ ڈالر کی اعانت

 امریکہ نے اقوام متحدہ کے بچو ں کے فنڈ ،یونیسیف کوچارسالہ منصوبے "پاکستان میں محفوظ تراسکول پروگرام”کیلئے ۴۶ لاکھ ڈالر کی امداد فراہم کی ہے ،جس کا مقصد انسانی بحرانوں سے متاثرہ بچوں کیلئے اسکولوں کو ہرقسم کی آفات سے محفوظ بنا کر معیاری تعلیم تک رسائی کو یقینی بنانا ہے۔

امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یوایس ایڈ) کی جانب سے فراہم کی گئی یہ امداد متاثرہ آبادیوں میں برداشت اور ایسی صور ت حال سے بچاؤ، اُس کی شدت کم کرنے اور نبردآزما ہونے کی صلاحیت بڑھائے گی جن سے بچوں کی تعلیم وتربیت متاثرہوتی ہے۔  یوایس ایڈ کی اس مالی امداد سے یونیسیف شمالی وزیرستان  کے بے گھر ہونے  والے ۵۳ ہزار بچوں کو تعلیمی خدمات کی فراہمی کا انتظام کرے گا۔ دس ہزار سے زیادہ بچوں کی ، جن میں کم و بیش نصف بچیاں ہیں، پہلے ہی نشاندہی کی جاچکی ہے اور انہیں عارضی تدریسی مراکز اور میزبان آبادیوں میں داخلہ دیا جاچکاہے۔ لگ بھگ ایک سو اساتذہ کو نفسیاتی معاونت، صحت وصفائی کے فروغ اور مشکل صورت حال میں پڑھانے کے لئےتربیت  بھی دی جاچکی ہے۔

پاکستان میں یوایس ایڈ کے مشن ڈائریکٹر گریگوری گوٹلیب نے کہا کہ عارضی طور پر بے گھر ہونیوالے خاندانوں سے تعلق رکھنے والے معصوم بچوں کی تعلیمی اور سماجی بہتری کے لئے یہ بات اہم  ہے کہ  اس ابتلا وآز مائش سے اُن کی تعلیم متاثرنہ ہو۔یہ بچے چاہے بے گھرلوگوں کے لئے قائم کئے گئے کیمپوں میں مقیم ہوں یا پھر اپنی میزبان آبادیوں میں، ایک دیرپا اور معیاری تعلیم کے لئے محفوظ تعلیمی ماحول نہ صرف بچوں بلکہ اُن آبادیوں کے لئے بھی ضروری ہے۔

پاکستان میں یونیسیف کی نمائندہ اینجلا کیرنی نے اس موقع پر کہا کہ ہم ان فنڈز کی فراہمی کے لئے یوایس ایڈ کے مشکور ہیں کیونکہ وہ متاثرہ گھرانوں کے بچوں کے لئے تعلیمی سہولیات کی بحالی کو یقینی بنارہا ہے۔ ان فنڈز سے ہم بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کررہے ہیں جن میں بہت سے ایسے ہیں جو اس سے قبل کبھی اسکول نہیں گئے تھے۔ یہ ضروری ہے کہ اُن کی تعلیم کا سلسلہ بغیر کسی تعطل کے اُس وقت بھی جاری رہے، جب وہ اپنے آبائی علاقوں کو واپس لوٹ جائیں ۔

یہ پروگرام امریکہ کی ایک جامع تعلیمی حکمت عملی کا جزو ہے جو وہ پاکستانی حکومت کے اشتراک سے بروئے کار لارہاہے۔ اس اشتراک کے تحت تعلیم سے متعلق دیگر سرگرمیوں میں تین لاکھ سے زیادہ طالب علموں کوزیور تعلیم سے آراستہ کرنیوالے  ۹۸۹ اسکولوں کی تعمیر یا اُن کی تزئین و آرائش ، سات ہزار سے زیادہ نئے اساتذہ کی تریبت اور ۱۵۹۵ اساتذہ بننے کے خواہاں طالبعلموں ، جن میں ستر فیصد خواتین ہیں،کے لئے وظائف شامل ہیں۔ ۲۰۰۵ ء سے اب تک امریکہ فل برائیٹ اور ضرورتمند لیکن قابل طلبہ وطالبات کے پروگراموں کے تحت تین ہزار سے زیادہ وظائف دے چکا ہے۔ یوایس ایڈ کے تعلیمی پروگراموں کے بارے میں مزید جاننے کے لئے درج ذیل ویب سائٹ ملاحظہ کریں:

http://1.usa.gov/1jK15Ut