Flag

An official website of the United States government

امریکی سفیر کی جانب سے جنوبی پنجاب سے تعاون اور ملتان کے ثقافتی ورثہ کی قدردانی
کی طرف سے
1 منٹ پڑھیں
نومبر 17, 2023

 

اسلام آباد ( ۱۷ نومبر ۲۰۲۳ء)-  ریاستہائے متحدہ  امریکہ کے سفیر ڈونلڈ بلوم   نے پاکستان میں اپنی تعیناتی کے دوران  اپنے پہلے دورہ ملتان  میں  توانائی ، حفظانِ صحت اور تعلیم  سمیت مختلف شعبوں میں   جنوبی پنجاب   کے لیے  دیرینہ امریکی  تعاون کو اجاگر کیا ہے۔

سفیر ڈونلڈ بلوم نے  ملتان میں  بہاؤالدین زکریا، شاہ رُکن عالم اور شمس تبریز  کے مزارات پر حاضری دی اور  ملتان کی تابندہ تاریخ کی تحسین کی۔ خیال رہے کہ امریکہ حضرت شمس تبریز کے مزار    سمیت پاکستان میں بتیس  ثقافتی ورثوں کے تحفظ کیلئے   ۷۶ لاکھ   ڈالر کی   اعانت فراہم کر چُکا ہے۔

سفیر بلوم نے  جامعات  کے طالبعلموں، امریکی تبادلہ پروگراموں کے سابق طالب علموں  اور مقامی کاروباری شخصیات سے بھی ملاقاتیں کیں۔ علاوہ ازیں انھوں نے مقامی کاروباری ادارے ایم جی اپیرل کا دورہ  کیا  جو امریکہ اور پاکستان کے درمیان کپاس اور ٹیکسٹائل کے شعبوں میں مضبوط تجارتی تعلقات کا غماز  اور  ماحول دوست اقدامات  کے ذریعے  مستحکم معاشی ترقی   کی عکاسی کرتا ہے۔

امریکہ  یو ایس -پاکستان گرین الائنس فریم ورک کے تحت   شفاف توانائی،  پانی اور زراعت کے شعبوں میں  مشترکہ موسمیاتی اور ماحولیاتی دشواریوں  سے  نبرد آزما ہونے کیلئے پاکستان کی استعدادبڑھانے کیلئے پاکستان کے ساتھ مل کر  کام کر رہا ہے ۔ سفیر بلوم نے ملتان الیکٹرک  پاور کمپنی کے مرکزی دفتر کا دورہ بھی کیا اور وہاں پر میپکو اور امریکہ کے درمیان  کئی دہائیوں پر محیط  شراکت داری کو اجاگر کیا۔ واضح رہے کہ انھوں نے    ۲۰۱۴ سے  لے کر اب تک علاقہ میں چالیس ہزار  سے زیادہ اسمارٹ  میٹرز نصب کئے ہیں   اور انھوں نے    ملتان کے رہائشیوں کو بجلی کی بہتر ترسیل یقینی بنانے کے لئے مل کر  کام  کیا ہے۔

سفیر ڈونلڈ بلوم نےیو این ویمن اور  محکمہ صحت پنجاب کے اشتراک سے نشتر ہسپتال  میں صوبہ کے پہلے اینٹی ریپ کرائسسز سیل کا افتتاح  بھی کیا ۔ یہ سیل    جنسی تشدد  کے شکار افراد کی بحالی اور انھیں  انصاف تک رسائی کے لئے  کلیدی وسائل فراہم کرتا ہے۔

سفیر بلوم  نے  ملتان کے کمشنر عامر خٹک اور جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری کیپٹن ریٹائرڈ ثاقب ظفر سے بھی ملاقات کی اوروفد کی میزبانی کرنے اور  اُن کے دورہ ملتان کو کامیاب بنانے پر ان شکریہ ادا کیا۔

###