امریکی سفارتخانہ کی جانب سے انگلش ایکسیس مائیکرو اسکالرشپ پروگرام کے طالبعلموں کیلئے ۲۶۵۰۰ کتابوں کا عطیہ

اسلام آباد ( ۲۳ نومبر ۲۰۲۱ء)  ۔۔  امریکی سفارتخانہ اسلام آباد کے   علاقائی دفتر برائےانگریزی زبان  ( آر ای ایل او) نے  سین گیج،  نیشنل جیوگرافک اور الائیڈ بکس   کے اشتراک  سے ۲۶۵۰۰  کُتب حکومتِ امریکہ کی اعانت سے جاری  انگلش ایکسیس مائیکرو اسکالرشپ پروگرام( ایکسیس)  کے ۵۳۰۰  موجودہ اور سابقہ طالبعلموں  کو عطیہ کی ہیں ۔

ایکسیس پروگرام  افسانوی اور غیر افسانوی موضوعات سمیت مختلف  ادبی صنفوں پر مشتمل کُتب   مُلک بھر میں موجود ایکسیس کے موجودہ اور سابقہ طالبعلموں کو فراہم کر رہا ہے۔ یہ کتابیں  سین گیج اور نیشنل جیوگرافک نے شائع کی ہیں اور پاکستان میں  الائیڈ کتاب کمپنی   تقسیم کر رہی ہے۔ عطیہ کی جانے والی کُتب میں تصویری ناول بھی شامل ہیں، جن میں  قارئین  کو تفریح فراہم کرنے اور وقت گزاری کی خاطر  مزاحیہ تصاویر اور  کلاسیکی ادب   سے اقتباسات پر مبنی موادشامل ہے  اور ساتھ ساتھ  ولولہ انگیز کہانیوں، سنسنی خیزی ،  ڈراموں  اور  جاسوسی افسانوں پر مبنی ادب  بھی شامل  ہے۔

واضح رہے کہ ایکسیس  پروگرام پاکستان میں ۱۳سے ۲۰ سال کی عمر کے ذہین مگر معاشی طور  پرپسماندہ  طالبعلموں کو انگریزی زبان   کی مبادیات میں   مہارت   فراہم کرتا ہے۔ ایکسیس پروگرام  کے شرکاء    کو پیشہ ورانہ زندگی   اور تعلیمی میدان میں  کامیابی  کے لیے انگریزی زبان   میں روانی اور  قائدانہ صلاحیتوں کی تربیت دی جاتی ہے۔   اُس کے علاوہ شرکاء مستقبل میں امریکہ میں دستیاب تبادلہ   اور تعلیمی پروگراموں  میں شرکت  کے لیے    اپنی اہلیت آزمانے کے   بھی قابل  بن جاتے ہیں  ۔ ۲۰۱۵ء میں    ایکسیس پروگرام کے آغاز سے لیکر اب تک   پاکستان کے سولہ شہروں  میں  بائیس ہزار  طالبعلم   ایکسیس  پروگرام سے مستفید ہو چکے ہیں۔

###