امریکہ کی جانب سے عارضی طور پر بےگھرہونے والے افراد کیلئے ۲۷ ملین ڈالرکی امداد کا اعلان

امریکی حکومت  اس سال پاکستانیو ں کیلئے اقوام متحدہ کے عالمی ادارہ برائے خوراک کے ذریعے خوراک کے اعانتی پروگرام کے تحت ۲۷ ملین ڈالر اضافی فراہم کررہی ہے۔ امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ) کے پاکستان میں مشن ڈائریکٹر گریگ گوٹلیب نے تصویری نمائش کے بعد پریس کانفرنس  کرتے ہوئے اس اضافی رقم کی فراہمی کا اعلان کیاجو ۳۴ ملین ڈالر کے علاوہ ہے جو امریکہ نےغذائی اعانت کی مد میں اکتوبر ۲۰۱۴ ء سے  اب تک پاکستان کو فراہم کئے ہیں ۔

گوٹلیب نے کہا کہ یہ رقم مشکلات کے شکار خاندانوں  بالخصوص فاٹا سے تعلق رکھنے  والے گھرانوں کیلئے خوراک کی خریداری کیلئے خرچ ہو گی  ۔انہوں نے کہا کہ بہت سے لوگوں کے لیے امریکہ کی جانب سے فراہم کردہ غذا واحد ذریعہ خوراک ہےاوریہ  اعانت اُن  کے لیے اپنے روزگار اور خاندانوں کی بحالی میں بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔

تقریب کے دوران یو ایس ایڈ پاکستان کے مشن ڈائریکٹرگوٹلیب،  عالمی ادارہ برائے خوراک کے ریجنل ڈائریکٹر برائے ایشیا ڈیوڈکاٹرڈ اور وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کے کوآرڈینیٹر ملک ظہورنے ایک تصویری نمائش کا بھی افتتاح کیا جس میں  ملک کے غیر محفوظ افرادبشمول فاٹا سے تعلق رکھنے والے  سولہ لاکھ عارضی طور پر بے گھر افراد  کی خوراک کی فراہمی میں امریکی حکومت، حکومت پاکستان اور ورلڈ فوڈ پروگرام کے اشتراک کار کو اجاگر کیا گیا ہے۔

عالمی ادارہ برائے خوراک کے ریجنل ڈائریکٹر ڈیوڈکاٹرڈ نے خطاب کے دوران کہا کہ امریکہ، عالمی ادارہ برائے خوراک اور حکومت پاکستان کے اہم اشتراک کار کی بدولت ،ملک بھر میں قدرتی آفات اور تنازعات  سے متاثرہ لاکھوں افراد کا معیار زندگی بہتر ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سال بھر کے دوران یو ایس ایڈ کی فراخدلا نہ امداد سےپاکستان میں خوراک اور غذائی سلامتی  کی صورت حال کو نہ صرف بہتر بنایاگیا ہے بلکہ روزگا ر اور اچانک  پیدا ہونے والے بحرانوں کا مقابلہ کرنے کیلئے صلاحیت میں بھی اضافہ ہو اہے ،جس کی وجہ سے امن استحکام اور معاشی ترقی بھی ممکن ہوئی ہے۔

عالمی ادارہ برائے خوراک کی جانب سے فراہم کی گئی امریکی امدادآٹے، خوردنی تیل، نمک اور دالوں پر مشتمل ہے۔ ۲۰۱۰ ءسے اب تک امریکہ نے پاکستان عوام کیلئے غذائی اعانت کے مد میں ۷۰۰ ملین ڈالر کی امدادفراہم کی ہے۔

یو ایس ایڈ کی جانب سے انسانی بنیادوں پر کی جانے والے امداد کے بارے میں مزید جاننے کیلئے  درج ذیل ویب سائٹ ملاحظہ  کریں۔

http://www.usaid.gov/what-we-do/agriculture-and-food-security/food-assistance