کراچی میں متعین امریکی قونصل جنرل برائن ہیتھ نے اسرا یونیورسٹی کے بزنس ایڈمنسٹریشن اور منیجمنٹ سائنسز کے 70 سے زائد طلبا سے خطاب کیا۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے چانسلر اسد اللہ قاضی، پرو وائس چانسلر حمید اللہ قاضی اور پروفیسر قمر الدین مہر بھی موجود تھے۔
اپنے خطاب میں قونصل جنرل برائن ہیتھ نے کہا کہ انھیں امریکی محکمہ خارجہ کے تعاون سے اسرا یونیورسٹی حیدرآباد اور امریکا کی بال اسٹیٹ یونیورسٹی کے درمیان جاری اشتراک کے حوصلہ افزا نتائج دیکھ کر بے انتہا خوشی ہوئی ہے۔ قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ امریکی حکومت پاکستان میں تعلیم کے معیار میں اضافے کیلیے کوششیں کر رہی ہے اور امریکی اور پاکستانی جامعات کے درمیان اشتراک اس منصوبے کا اہم حصہ ہے۔
برائن ہیتھ نے امریکا کی جانب سےتعلیم کے شعبے میں پاکستان کو فراہم کیے جانے والے تعاون کا ذکر کرتے ہوئے لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز (LUMS)، انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن (IBA) کراچی اور زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے قیام میں امریکی تعاون کا حوالہ دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے ساتھ ساتھ امریکی حکومت سندھ بیسک ایجوکیشن پروگرام (SBEP)کی معاونت بھی کر رہی ہے۔ پرائمری اور سیکنڈری اسکولوں میں طلبا کی حاضری میں اضافے کیلیے 2011 سے جاری اس منصوبے کیلیے امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (USAID) نے سندھ حکومت کو 155 ملین ڈالر فراہم کیے ہیں۔ قونصل جنرل برائن ہیتھ نے مزید کہا کہ امریکی حکومت سندھ بھر میں سیلاب سے متاثرہ 120 اسکول دوبارہ تعمیر کر رہی ہے جبکہ ساڑھے سات لاکھ بچوں کی پڑھنے کی صلاحیتیں بہتر بنانے کیلیے منصوبہ بھی جاری ہے۔
حیدرآباد کی اسرا یونیورسٹی اور امریکی بال اسٹیٹ یونیورسٹی کے درمیان اشتراک صوبہ سندھ میں اپنی نوعیت کا پہلا منصوبہ تھا۔ اس منصوبے کے تحت دونوں جامعات کے درمیان طلبا اور اساتذہ کے تبادلے کے ساتھ ساتھ نصاب کی تیاری، تحقیق اور تربیتی پروگراموں کے انعقاد میں تعاون کیا جا رہا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے زیر انتظام تبادلہ، تعلیمی اور ثقافتی پروگراموں کے بارے میں مزید جاننے کیلیے وزٹ کریں:
www.eca.state.gov
امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (USAID) کے تحت جاری منصوبوں کے بارے میں جاننے کیلیے وزٹ کریں:
www.usaid.gov/pakistan