امریکی قونصل خانے کے تحت بیس بال میچ

کراچی۔امریکی قونصل خانے کے تحت کراچی کے کم آمدنی والے علاقوں سے تعلق رکھنے والے 30نوجوانوں کیلیے بیس بال میچ اور تربیتی کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔کراچی میں متعین امریکی قونصل جنرل برائن ہیتھ نے امریکی حکومت کے انگریزی کی تربیت کے منصوبے’انگلش ایکسز مائیکرو اسکالر شپ پروگرام‘ (Access)کے تحت تعلیم حاصل کرنے والے  طلبا کواپنی رہائشگاہ پر خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر سندھ بیس بال ایسوسی ایشن کے صدر محسن خان اور پاکستانی بیس بال کھلاڑی عامر سلیم،جاوید علی ، شکیل احمد اور ندیم ظہیر بھی موجود تھے۔ امریکی قونصل خانے کے ثقافتی اتاشی اے جے جگیلسکی نے بھی تقریب میں شرکت کی۔

نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل برائن ہیتھ نے کہا کہ بیس بال امریکا کا سب سے پسندیدہ کھیل ہے اور امریکی طرزز زندگی اور ثقافت کا آئینہ دار ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اس تربیتی کیمپ اور دوستانہ میچ کے ذریعے پاکستانی نوجوانوں کو بیس بال کے کھیل کے بارے میں اپنی معلومات میں اضافے کا موقع ملے گا۔

امریکی قونصل خانے کے شعبہ تعلقات عامہ کی سربراہ لی پنگ لو نے کہا کہ کھیل نوجوانوں کی زندگی میں انتہائی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اس تقریب کے ذریعے امریکی قونصل خانے نے پاکستانی بیس بال کھلاڑیوں اور کوچز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

امریکی قونصل خانہ ’اسپورٹس ڈپلومیسی ‘پروگرام کے ذریعےپاکستان اور امریکا کے درمیان دوستانہ تعلقات کے فروغ کیلیے کوشاں ہے۔امریکی حکومت کے تعلیمی اور ثقافتی پروگراموں کے بارے میں مزید جاننے کیلیے وزٹ کریں www.eca.state.gov یاwww.karachi.usconsulate.gov۔

پاکستان میں جاری ACCESSپروگرام کے تحت کم آمدنی والے علاقوں سے تعلق رکھنے والے13سے17سال کی عمر کےپانچ ہزارسے زائد پاکستانی طلبا کو انگریزی کی تربیت فراہم کی جارہی ہے۔یہ طلبا معمول کی کلاسوں کے بعد اور گرمیوں کی تعطیلات میں اپنی انگریزی کی صلاحیتوں کو بہتر بناتے ہیں ۔کورس کی کوئی فیس نہیں جبکہ کتابیںکاپیاں اور اسکول بیگ مفت فراہم کیے جاتے ہیں۔2004میں شروع ہونے والے اس منصوبے سے 85ملکوں میں ایک لاکھ سے زائد طلبا فائدہ اٹھا چکے ہیں