امریکی قونصل جنرل کی صوفی شاعر شاہ عبدالطیف بھٹائی کے مزار پر حاضری

ایک دائرے میں بیٹھ گروپ

کراچی میں متعین امریکی قونصل جنرل برائن ہیتھ نے اپنے وفد کے ہمراہ صوفی شاعر شاہ عبدالطیف بھٹائی کے مزار پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ اس موقع پر برائن ہیتھ کا کہنا تھا کہ شاہ عبدالطیف بھٹائی کی شاعری باہمی برداشت اور بقائے باہمی کا درس دیتی ہے۔ ان کا عالمی محبت کا پیغام حقیقتاً اثر انگیز ہے۔

قونصل جنرل برائن ہیتھ نے مزید کہا کہ امریکی حکومت پاکستان کے ثقافتی ورثے کے تحفظ اور اس کی ترویج کیلیے معاونت فراہم کررہی ہے۔ ہر سال امریکی قونصل جنرل سندھ اور بلوچستان کے ثقافتی دن منانے کے لیے مقامی موسیقاروں، فن کارو ں، شاعروں اور دانش وروں کو کراچی میں اپنی رہائش گاہ پر مدعو کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ مکلی کے تاریخی قبرستان میں مقبروں کی تزئین و آرائش کے لیے امریکی حکومت کی جانب سے 2 لاکھ 60 ہزار ڈالر مہیا کیے جارہے ہیں۔

امریکی حکومت کی جانب سے پاکستان میں جاری دیگر ثقافتی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے برائن ہیتھ کا کہنا تھا کہ امریکی محکمہ خارجہ نے نیشنل اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس (NAPA) اور ٹیکساس یونی ورسٹی کے بٹلر اسکول آف میوزک کو تین سالہ یونی ورسٹی شراکت قائم کرنے کے لیے 10 لاکھ ڈالر فراہم کیے ہیں جس کے تحت NAPA کے طلبا اور اساتذہ ٹیکساس یونیورسٹی جبکہ ٹیکساس یونیورسٹی کے طلبا اور اساتذہ NAPA کا دورہ کرتے ہیں۔ ان دوروں کے دوران ورکشاپس اور سیمینارز کا انعقاد کیا جاتا ہے۔

امریکی ثقافتی، تعلیمی اور تبادلہ پروگراموں کے بارے میں مزید معلومات کے لیے وزٹ کریں:
www.eca.state.gov