امریکی قونصل جنرل کا دورہِ عمر کوٹ

گروپ پرانا تپ کی طرف دیکھ

کراچی میں متعین امریکی قونصل جنرل برائن ہیتھ نے عمر کو ٹ پریس کلب کا دورہ کیا اور مقامی صحافیوں سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران قونصل جنرل نے پاکستان میں آزادیِ صحافت اور صحافت کے پیشہ ورانہ معیار میں اضافے کیلیے امریکی حمایت کی یقین دہانی کروائی۔

برائن ہیتھ کا کہنا تھا کہ عمرکوٹ کی صحافتی برادری مختصر ہے لیکن اس نے جنوبی سندھ کے صحافتی منظرنامے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان میں صحافت ایک محنت طلب اور خطرناک پیشہ ہو سکتا ہے اس لیے وہ پاکستانی صحافیوں کی محنت اور کاوشوں کے لیے ان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ قونصل جنرل برائن ہیتھ نے کہا کہ امریکی قونصل خانے کراچی نے صحافیوں کی پیشہ ورآنہ صلاحیتوں میں اضافے کیلیے کئی تربیتی پروگرام متعارف کروائے ہیں اور کراچی میں انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن (IBA) میں سینٹر فار ایکسلینس ان جرنلزم (CEJ) کے لیے امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے مالی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ CEJ پاکستان بھر کے صحافیوں کے لیے اعلیٰ معیاری تربیت کی سہولیات مہیا کرتا ہے۔ قونصل جنرل برائن ہیتھ نے امریکی حکومت کے انٹرنیشنل وزٹرز لیڈرشپ پروگرام (IVLP) کا ذکر بھی کیا جس کے تحت بے شمار پاکستانی صحافیوں کو امریکا بھیجا جارہا ہے۔

امریکی حکومت کے زیر انتظام دیگر منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے برائن ہیتھ نے کہا کہ امریکا سندھ بھر میں بے شمار منصوبوں پر کام کر رہا ہے جن میں ماں اور بچے کی صحت میں بہتری اور اسکولوں کی بحالی کے لیے امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (USAID) کے منصوبے بھی شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی حکومت صوبے میں نوجوانوں کی صحت اور تعلیم میں بہتری کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

اس سے پہلے امریکی قونصل جنرل نے اپنے وفد کے ہمراہ عمرکوٹ کے تاریخی قلعے کا دورہ کیا۔ برائن ہیتھ نے ہندو طلبہ کے زیر اہتمام دیوالی کی تقریب میں شرکت اور صحرائے تھر کے موسیقاروں سے ملا قات بھی کی۔