امریکی قونصل جنرل برائن ہیتھ نے اپنی رہائشگاہ پر ’آئیوا یونیورسٹی انٹرنیشنل رائٹنگ پروگرام‘ (IWP) کے ڈائریکٹر کرسٹوفر میرل کے اعزاز میں استقبالیے کا اہتمام کیا۔ کرسٹوفر میرل کراچی لٹریچر فیسٹول میں شرکت کیلیے پاکستان میں ہیں۔ استقبالیے میں کراچی لٹریچر فیسٹول کے بانی آصف فرخی، امینہ سید اور IWP سے فارغ التحصیل ادیبوں ایچ ایم نقوی، شندآنہ منہاس، سری دالہ سوامی اور کیوری نمبی سان نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر امریکی سفارت خانے اسلام آباد کی ثقافتی اتاشی اور ادیب جوڈتھ ریون اور تقریب میں شریک دیگر ادیبوں نے اپنی تصنیفات سے اقتباسات پڑھ کر سنائے۔
استقبالیے سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل برائن ہیتھ کا کہنا تھا کہ ’میں آج کی محفل میں ادب اور ادیب کی شاندار پذیرائی سے بہت متاثر ہوا ہوں۔‘ ان کا مزید کہنا تھا کہ ’میں کراچی لٹریچر فیسٹول کے مسلسل کامیاب انعقاد پر منتظمین کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ مجھے فخر ہے کہ امریکی قونصل خانہ کراچی کے اس انتہائی اہم ثقافتی میلے کو اسپانسرشپ فراہم کر رہا ہے۔‘
امریکی محکمہ خارجہ ’آئیوا یونیورسٹی انٹرنیشنل رائٹنگ پروگرام‘ (IWP) کو معاونت فراہم کررہا ہے جس کے ذریعے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے ادیبوں کو ایک دوسرے سے منسلک کیا جاتا ہے۔ اس منصوبے کے تحت نئے اور تجربہ کار ادیبوں کو بین الاقوامی ادب سے متعارف کرانے کے ساتھ ساتھ ادبی دورے کرائے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ ان ادیبوں کی تصانیف کی اشاعت میں معاونت بھی فراہم کی جاتی ہے۔ 1967 سے لے کر اب تک 140 ممالک کے 1400 ادیب اس پروگرام میں حصہ لے چکے ہیں جن میں پاکستان سے ایچ ایم نقوی، بینا شاہ، بلال تنویر اور شندآنہ منہاس شامل ہیں۔