امریکی وزیر تجارت پینی پرٹذکر کی جانب سے پاک-امریکہ ہفتہ اقتصادی شراکت داری کا افتتاح

امریکہ کی وزیر تجارت پینی پرٹذکر آج اپنی طرز کے پہلے پاک-امریکہ ہفتہ اقتصادی شراکت داری کے افتتاح کے موقع پر اسلام آباد تشریف لائیں۔ ان کا یہ دورہ، امریکی حکومت کی پاکستان کے ساتھ باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کو بڑھانےسے متعلق مجموعی کوششوں کے لئے اہمیت کا حامل ہے۔

امریکی وزیر تجارت پرٹذکر نے وزیر اعظم نواز شریف کے ساتھ ان کے دفتر میں ملاقات کی اور ان کے ساتھ ملکرپاک -امریکہ ہفتہ اقتصادی شراکت کاری کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر امریکی وزیر تجارت نے کہا کہ عالمی سرمایہ کاروں کے لئے یہ جاننا ضروری ہے کہ پاکستان کاروبار کے لئے کُھلا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک مستحکم، پُر امن اور رواداری کے حامل اور اپنے ہمسایوں کے ساتھ پر امن پاکستان اپنی نمو پذیر معیشت کے ساتھ امریکہ کے اپنے مفاد میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ہفتہ کے دوران ہم اس بات پر غور کرینگے کہ کس طرح باہمی تجارت اور کاروباری تعلقات کو فروغ دیا جائےاور پاکستانی اور امریکی عوام کے لئے یکساں مواقع پیدا کئے جائیں۔

ہفتہ برائے پاک-امریکہ اقتصادی شراکت داری میں پاکستان میں اقتصادی مواقع کے حوالے سےدو روزہ (۱۰ اور ۱۱مارچ) کانفرنس، ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ فریم ورک ایگریمنٹ (ٹیفا) سے متعلق اجلاس، امریکہ اور پاکستانی سرکاری حکام کی ملاقاتیں اور دیگر باہمی سرگرمیاں شامل ہیں جو رواں ہفتہ جاری رہینگی۔

امریکی وزیر تجارت پرٹذکر نے جنکا یہ پہلا سرکاری دورہ پاکستان ہےپاکستان اور امریکہ کے درمیان باہمی اقتصادی تعلقات میں بہتری کے لئے بھرپور کارکردگی دکھانےپراعلی سرکاری حکام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے مابین اقتصادی تعلقات سے دونوں ممالک کے مابین مجموعی تعلقات میں استحکام آیا ہے اور یہ سلسلہ ہنوز جاری ہے۔