پاکستان میں امریکا کے سفیر رچرڈ اولسن نے غیر سرکاری تنظیم امن ٹیک کے صدر دفتر میں منعقد ہونے والی ایک تقریب میں پاکستانی نوجوانوں کو پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنے کے معاہدے پر دستخط کیے۔ یوتھ فورس ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت صوبہ سندھ سے تعلق رکھنے والے غیر ہنرمند پاکستانی نوجوانوں کو تکنیکی تربیت فراہم کی جائے گی جس کے ذریعے وہ روزگار کے بہترمواقع حاصل کرسکیں گے۔ اس منصوبے کیلیے امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (USAID)، امن ٹیک اور اقوام متحدہ کے ترقیاتی ادارے (UNDP) نے اشتراک کیا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رچرڈ اولسن نے کہا کہ ’بے شمار پاکستانی نوجوان تکنیکی مہارت میں کمی کے باعث ملازمت کے بہتر مواقعوں سے محروم ہیں۔‘ ان کا کہنا تھا کہ ’امن ٹیک اور UNDP کے ساتھ امریکی اشتراک کے ذریعے 16 ہزار سے زائد نوجوانوں کو تکنیکی تربیت فراہم کی جائے گی جس کے بعد وہ نجی شعبے میں چلنے والے اداروں میں اپنی صلاحیتوں کا بھرپور استعمال کر سکیں گے۔‘
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے UNDP کے کنٹری ڈائریکٹر مارک آندرے فرینشے نے کہا کہ ’اس منصوبے کے ذریعے اگلے تین سال کے دوران UNDP کراچی کی گارمنٹ انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کو نئی صلاحیتیں فراہم کر کے ان کیلیے ملازمت کے بہتر مواقعوں کا حصول ممکن بنائے گا۔ اس طرح پاکستان کی دیرپا معاشی ترقی کو ممکن بنایا جاسکے گا۔‘
امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (USAID)، امن ٹیک اور اقوام متحدہ کے ترقیاتی ادارے (UNDP) کے درمیان معاہدے کے تحت اگلے تین سال کے دوران ساڑھے تین ہزار سے زائد نوجوانوں کو تکنیکی تربیت فراہم کی جائے گی۔ تربیت کے اختتام پر شرکا کو سرٹیفکیٹ فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ملازمت کے حصول میں بھی معاونت فراہم کی جائے گی۔ اس کے علاوہ کراچی کی گارمنٹ انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے ساڑھے 13 ہزار سے زائد نوجوانوں کو بھی تربیت فراہم کی جائے گی۔
امریکی حکومت مختلف شراکت داروں کے ساتھ مل کر پاکستان کی معاشی ترقی کے فروغ کیلیے اہم کردار ادا کر رہی ہے جس کے ذریعے عام پاکستانیوں کا معیار زندگی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (USAID) کے معاشی منصوبوں کے بارے میں مزید جاننے کیلیے وزٹ کریں۔
www.usaid.gov/paksitan/economic-growth-agriculture