یو ایس ایڈ کے ڈائریکٹر کی جانب سے پاکستان زرعی کانفرنس و نمائش ۲۰۱۵ء کا افتتاح

امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ) کے پاکستان میں مشن ڈائریکٹر گریگری کوٹلیب نے آج اسلام آباد میں پاکستان زرعی کانفرنس و نمائش ۲۰۱۵ء کا افتتاح کیا اور تقریب سے کلیدی خطاب کیا۔ دو روزہ نمائش میں زراعت کی صنعت میں استعمال ہونے والی جدیدٹیکنالوجی پیش کی جائے گی اور حکومتی اداروں اور نجی شعبے کو زراعت کے شعبے میں ترقیاتی حکمت عملیوں پر بات چیت کے لئے ایک فورم فراہم کیا جائے گا۔ اس نمائش میں امریکہ نے پاکستان میں یو ایس ایڈ کے تعاون سے جاری زرعی ترقیاتی اقدامات کو اجاگر کرنے کے لئے پانچ اسٹالوں پر مشتمل ایک پویلین قائم کیا ہے۔

گریگری کوٹلیب نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ کانفرنس و نمائش اس بات کی مظہر ہے کہ پاکستان کے زرعی شعبے کی ترقی کے لئے معاونت امریکہ کی ترجیح ہے۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ یو ایس ایڈ کے زرعی منصوبے پاکستان کی معیشت میں ترقی میں اہم کردار ادا کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مقامی کاشتکاروں، زرعی کاروبار سے وابستہ افراد و اداروں اور پالیسی ساز اداروں کے ساتھ ملکر کام کرتے ہوئے زرعی شعبے میں امریکہ اور پاکستان کے مشترکہ اقدامات سے پورے پاکستان کے مستحکم اور روشن مستقبل کے لئے پیش رفت ہوگی۔

زراعت کا شعبہ ملک کی قومی افرادی قوت کے ۴۴ فیصد کو روزگار فراہم کرتا ہے اور اس شعبے کا پاکستان کی خام ملکی پیداوار (جی ڈی پی) میں حصہ ۲۱ فیصد ہے۔ قومی غذائی تحفظ و تحقیق کی وزارت اور پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل کے مقررین نے کانفرنس میں اہم موضوعات پر اظہار خیال کیا اور زرعی کانفرنس و نمائش کے شرکاء کو زراعت کی صنعت میں وسائل و ترقی کے عمل کو بہتر بنانے کی حکمت عملیوں سے آگاہ کیا۔

گذشتہ پانچ برسوں کے دوران امریکہ کی زرعی معاونت نےتقریباً دس لاکھ کسانوں کو اپنی پیداوار اور آمدنی بڑھانے میں مدد کی ہے۔ اس معاونت کی بدولت پاکستان کو مقامی منڈی میں براہ راست ۴۵ ملین ڈالر سے زائد اور برآمدا ت کی مد میں ۲۸ ملین ڈالر کا اضافہ کرنے میں مدد ملی۔ پیداوارمیں اضافہ کے ساتھ ساتھ زرعی مصنوعات کا معیار بلند کرنے کے لئے پاکستانی کاشتکاروں کو مدد کی فراہمی امریکہ کی ایک اہم ترین ترجیح ہے اور تقریباً آٹھ لاکھ پاکستانی کاشتکار خاندانوں نے امریکہ اور پاکستان کے تعاون کی بدولت اپنی آمدنیوں میں اضافہ کیا ہے۔ یو ایس ایڈ کی پاکستان کے لئے زرعی معاونت کے بارے میں مزید معلومات کے لئے درج ذیل ویب سائٹ ملاحظہ کیجئے۔

http://www.usaid.gov/pakistan/economic-growth-agriculture