ٹھٹہ۔ کراچی میں متعین امریکی قونصل جنرل برائن ہیتھ نے امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی(USAID)کی جانب سے فراہم کیے جانے والے مینگو پراسیسنگ پلانٹ کا دورہ کیا۔اس موقع پر USAIDکے ڈپٹی مشن ڈائریکٹرڈینسی ہربال اورصوبائی ڈپٹی ڈائریکٹر پیٹرک بریڈی بھی موجود تھے۔
دورے کےدوران قونصل جنرل برائن ہیتھ نے کہا کہ امریکی حکومت اندرون اور بیرون ملک پاکستانی زرعی مصنوعات بشمول آم کی فروخت میں اضافے کیلیے کوششیں کر رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان آم کی کاشت کرنے والا دنیا کا پانچواں بڑا ملک ہے اور امریکی حکومت پاکستانی آم کی بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی کیلیے پر عزم ہے۔برائن ہیتھ نے انکشاف کیا کہ پچھلےسال پاکستان نے امریکا کو 184میٹرک ٹن آم برآمد کیا جوگذشتہ سال کے مقابلے میں دگنا تھا۔
امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (USAID)پاکستانی کاشتکاروں اور برآمدکنندگان کوجدید پراسیسنگ اور پیکجنگ سہولیات فراہم کر کے پاکستانی آم کیلیے نئی منڈیوں کی تلاش میں معاونت فراہم کر رہا ہے۔USAIDنےٹھٹہ میں پاکستانی کاشکاروں کو آموں کی درجہ بندی کیلیے جدید مشینری بھی فراہم کی ہے۔2015میں شروع کیے گئے اس منصوبے کے ذریعے USAIDپاکستانی آم کے علاوہ سبزیوں،کینو اور گوشت کی پیداوار میں اضافے کیلیے کام کر رہا ہے۔
USAIDکے پاکستان میں جاری دیگر منصوبوں کے بارے میں مزید جاننے کیلیے وزٹ کریں:
www.usaid.gov/pakistan/economic-growth-agriculture