USAID کی جانب سے پاکستان کو پانی کے مسائل کے حل کیلیے معاونت

گروپ شاٹ

امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (USAID) کی جانب سے مہران یونیورسٹی برائے انجنیئرنگ اور ٹیکنالوجی میں ’یو ایس پاکستان سینٹر فار ایڈوانسڈ اسٹڈیز ان واٹر‘ کی جدید تجربہ گاہوں اور تحقیقی سہولیات سے آراستہ نئی عمارت کا سنگِ بنیاد رکھا گیا۔ یہ سینٹر USAID، مہران یونیورسٹی برائے انجنیئرنگ اور ٹیکنالوجی اور امریکا کی یونیورسٹی آف یوتھا کے اشتراک سے قائم کیا گیا ہے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے USAID کے مشن ڈائریکٹر برائے پاکستان جان گرورک نے کہا کہ یہ منصوبہ پاکستان اور امریکا کے درمیان ترقیاتی منصوبوں کیلیے جاری طویل المیعاد تعاون کی ایک شاندار مثال ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مذکورہ منصوبہ پاکستان میں پانی کے مسائل کے حل میں انتہائی مددگار ثابت ہوگا۔ جان گرورک نے مہران یونیورسٹی کے وائس چانسلر محمد اسلم عقیلی اور ادارے کے ڈائریکٹر بخشل لاشاری کے علاوہ ماسٹرز اور پی ایچ ڈی کے طلبہ اور طالبات سے ملاقات بھی کی۔

اس سے پہلے USAID کے مشن ڈائریکٹر برائے پاکستان نے سندھ یونیورسٹی کے ایلسا قاضی کیمپس میں USAID کے تعاون سے تعمیر ہونے والی شعبۂ تعلیم کی عمارت کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عابدہ طاہرانی، شعبۂ تعلیم کی سربراہ پروفیسر ڈاکٹر پروین منشی اور طلبہ اور طالبات سے ملاقات کی۔

سندھ یونیورسٹی کے شعبۂ تعلیم کی نئی عمارت میں 10 کلاس رومز، 4 لیبارٹریز، ایک کانفرنس روم، ایک ملٹی پرپس ہال، ایک لرننگ ریسورس سینٹراور طلبہ اور طالبات کے لیے علیحدہ کامن رومز بنائے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ خصوصی افراد کے لیے لفٹ اور دیگرمخصوص سہولیات بھی مہیا کی گئی ہیں۔ عمارت کی تعمیری ساخت میں قدرتی روشنی اور تازہ ہوا کے زیادہ سے زیادہ استعمال  کا خیال رکھا گیا ہے۔

امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (USAID) پاکستان بھر کی جامعات میں 17 شعبۂ تعلیم کی عمارتوں کی تعمیر کے لیے 45 ملین ڈالر فراہم کر رہا ہے۔ یہ جدید اور ماحول دوست عمارتیں لائبریریوں اور لیبارٹریوں سے آراستہ ہیں اور 5000 طلبا اور 300 اساتذہ کو اعلیٰ تعلیمی و تدریسی سہولیات فراہم کریں گی۔

مزید تفصیلات کیلیے USAID کی ویب سائٹ وزٹ کریں۔
www.usaid.gov/pakistan