امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (USAID) کے مشن ڈائریکٹر گریگری گاٹلیب اور سندھ کے صوبائی وزیر تعلیم نثار احمد کھوڑو نے USAID کے سندھ بیسک ایجوکیشن پروگرام (SBEP) کے تحت گڈاپ ٹاون میں دنبہ گوٹھ گورنمنٹ اسکول کا سنگ بنیاد رکھ کر کراچی کے منتخب سرکاری اسکولوں کی تعمیر نو کے منصوبے کا آغاز کیا۔ اس موقع پر منعقد ہونے والی تقریب میں امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (USAID) کے صوبائی ڈائریکٹر لیون واسکن، USAID کے سینئر پالیسی ایڈوائزر اور پروگرام منیجر ڈاکٹر رینڈی ہاٹ فیلڈ، صوبائی سیکریٹری تعلیم فضل اللہ پیچوہو، رکن صوبائی اسمبلی محمد ساجد جھوکھیو، محکمہ تعلیم کے اہلکاروں، اساتذہ، طلباء، والدین اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے USAID کے مشن ڈائریکٹر گریگری گاٹلیب کا کہنا تھا کہ ’اسکولوں کی تعمیر کا یہ منصوبہ پاکستانی طلبا بشمول لڑکیوں کیلیے معیاری تعلیم کے مواقعوں میں اضافے کے بے شمار امریکی منصوبوں میں سے ایک ہے۔ اسکولوں کی تعمیر کے علاوہ امریکی حکومت پاکستانی طلبا کیلیے کئی اسکالرشپس اور اساتذہ کی تربیت کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔ ان منصوبوں سے نا صرف پاکستانی نوجوانوں کیلیے ترقی کے دروازے کھلیں گے بلکہ پاکستان کی معاشی ترقی بھی ممکن ہوگی۔‘
امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (USAID) کے صوبائی ڈائریکٹر لیون واسکن کا کہنا تھا کہ ’تعلیم نوجوانوں کی کردار سازی میں انتہائی اہم مقام رکھتی ہے۔ سندھ بیسک ایجوکیشن پروگرام (SBEP) تعلیم اور تدریس کے معیار کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ حصول تعلیم کے مساوی مواقع فراہم کرنے میں بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔‘
سندھ بیسک ایجوکیشن پروگرام (SBEP) حکومت سندھ اور امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (USAID) کے باہمی تعاون سے جاری ہے جس کیلیے امریکی حکومت 155 ملین ڈالر جبکہ حکومت سندھ 10 ملین ڈالر فراہم کر رہی ہے۔ اس منصوبے کے تحت سندھ کے سات اضلاع خیرپور، سکھر، لاڑکانہ، قمبر شہداد کوٹ، جیکب آباد، کشمور اور دادو جبکہ کراچی کے پانچ ٹاونز کیماڑی، لیاری، اورنگی، گڈاپ اور بن قاسم میں 120 اسکول تعمیر کیے جائیں گے۔ سندھ بیسک ایجوکیشن پروگرام (SBEP)کے تحت اسکولوں میں تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کے علاوہ طلبا کی اسکولوں میں حاضری میں اضافے اور ساڑھے سات لاکھ طلبا کی پڑھنے کی صلاحیتیں بہتر بنانے کیلیے بھی کوشیں کی جا رہی ہیں۔
سندھ بیسک ایجوکیشن پروگرام (SBEP) کے بارے میں مزید معلومات کیلئے یہ ویب سائٹ وزٹ کریں:
www.sbep.gos.pk