تبادلہ پروگرام کے تحت امریکا میں تعلیم مکمل کرنے والے پاکستانی طلبا کی واپسی

کراچی۔ امریکی قونصل جنرل برائن ہیتھ نے امریکی حکومت کے تعاون سے جاری کینیڈی لوگر یوتھ ایکسچینج اینڈ اسٹڈی (YES)پروگرام کے تحت امریکا میں تعلیم مکمل کر کےوطن  واپس پہنچنے والے 33طلبا کا استقبال جبکہ اسی منصوبے کے تحت امریکا روانہ ہونے والے 40طلبا کیلیے اپنی نیک تمناوں کا اظہار کیا۔اس موقع پر امریکی قونصل خانے کی شعبہ تعلقات عامہ کی سربراہ لی پنگ لو بھی موجود تھیں۔

سندھ اور بلوچستان سے تعلق رکھنے والےطلبا سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل برائن ہیتھ کا کہنا تھا کہ YESپروگرام امریکی حکومت کے تبادلہ پروگراموں میں انتہائی اہمیت کا حامل ہےجو پاکستانی اور امریکی نوجوانوںکو ایک دوسرے سے منسلک کرتا ہے۔ان رابطوں کے ذریعے دونوں ملکوں کے عوام کو ایک دوسرے کے بارے میں جاننے میں مدد ملے گی۔

برائن ہیتھ نے کہا کہ YESپروگرام کے ذریعے پاکستانی نوجوانوں کو نا صرف امریکا بلکہ دنیا بھر کے بارے میں جاننے کا موقع ملتا ہے اور وہ پاکستان کے بہترین سفیر کے طور پر اپنا کردار ادا کرتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ وہ پر امید ہیں کہ یہ طلبا پاکستان واپس آنے کے بعد اپنےتجربات معاشرے کے دیگر طبقوں کے ساتھ شیئر کریں گے۔

کینیڈی لوگر یوتھ ایکسچینج اینڈ اسٹڈی پروگرام (YES)امریکی محکمہ خارجہ کی مالی معاونت سے جاری ہے جس کے ذریعے 15سے 17سال کی عمر کے اسکول جانے والے بچوں کو امریکا میں ایک سال تک مفت تعلیم فراہم کی جاتی ہے۔ 2003سے لے کر اب تک 900سے زائد طلبا اس پروگرام کا حصہ بن چکے ہیں۔YESپروگرام امریکا اور پاکستان کے درمیان عوامی رابطوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کررہا ہےجس کے ذریعے طلبا امریکی معاشرے ، ثقافت اوراقدار سےمتعارف ہونے کے ساتھ ساتھ امریکا میں پاکستان کے بارے میں آگاہی کے فروغ کا سبب بنتے ہیں۔امریکا میں تعلیمی مصروفیات کے ساتھ ساتھ یہ طلبا غیر نصابی سرگرمیوں میں حصہ لیتے ہیں جبکہ YESپروگرام کے تحت ان کیلیے ایک امریکی خاندان کے ساتھ رہائش کا  انتظام بھی کیا جا تا ہے۔

YESپروگرام کے بارے میں مزیدجاننے کیلیے ہماری ویب سائٹ وزٹ کریں:

www.yesprograms.org/country/pakistan

www.iearnpk.org/yespk