YES پروگرام کے تحت امریکا میں تعلیم مکمل کرنے کے بعد 40 پاکستانی طلبا کی وطن واپسی

گروپ شاٹ

قونصل جنرل برائن ہیتھ نے امریکی محکمہ خارجہ کے زیر اہتمام کینیڈی لوگر یوتھ ایکسچینج اینڈ اسٹڈی پروگرام (YES) کے تحت امریکا میں تعلیم مکمل کر کے وطن واپس آنے والے 40 طلبا کا استقبال کیا۔ اس موقع پر منعقد ہونے والی تقریب میں امریکی قونصل خانے اور پاکستان میں YES پروگرام کے منتظم ادارے iEarn کے اہلکاروں نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل برائن ہیتھ نے کہا کہ YES پروگرام کو امریکی حکومت کی جانب سے جاری تعلیمی اور ثقافتی منصوبوں میں مرکزی حیثیت حاصل ہے۔ اس پروگرام کی بدولت ناصرف امریکی اور پاکستانی عوام کو قریب لانے میں مدد مل رہی ہے بلکہ پاکستانی طلبا امریکی ثقافت سے روشناس بھی ہو رہے ہیں۔ برائن ہیتھ نے مزید کہا کہ سماجی خدمت YES پروگرام کا اہم حصہ ہے اور مجھے امید ہے کہ اس منصوبے میں شریک یہ طلبا پاکستان واپس آنے کے بعد سماجی خدمت کے منصوبوں میں بھرپور حصہ لے سکیں گے۔

کینیڈی لوگر یوتھ ایکسچینج اینڈ اسٹڈی پروگرام (YES) امریکی محکمہ خارجہ کی مالی معاونت سے جاری ہے جس کے ذریعے 15 سے 17 سال کی عمر کے اسکول جانے والے بچوں کو امریکا میں ایک سال تک مفت تعلیم فراہم کی جاتی ہے۔ 2012 میں پاکستان بھر سے 107 طلبا کو YES پروگرام کے تحت امریکا بھیجا گیا۔ منصوبے کے تحت طلبا کو تعلیمی اور غیر نصابی سرگرمیوں کے ذریعے امریکی معاشرت سے متعارف کرایا جاتا ہے۔ YES پروگرام کے بارے میں مزید جاننے کیلیے ہماری ویب سائٹ وزٹ کریں۔